عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن// موجودہ امریکی حکومت میں نائب صدر کے عہدے پر کام کرنے والی کملا ہیرس نے آئندہ انتخابات میں صدارتی امیدوار بننے کے لیے نمبر گیم میں بڑی کامیابی حاصل کر لی۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی امیدوار کملا ہیرس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزدگی کے حوالے سے مضبوط پوزیشن میں آ گئی ہیں۔ نائب صدر ہیرس نے ڈیموکریٹک صدارتی نامزدگی کے حصول کے لیے مندوبین کی مطلوبہ تعداد کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ہیرس کو 2,214 مندوبین کی حمایت حاصل ہوئی، جو درکار سادہ اکثریت سے بھی زیادہ تھے ۔رپورٹس کے مطابق کملا ہیرس اب تک ڈیموکریٹک نامزدگی جیتنے کے لیے درکار 75 فی صد ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر چکی ہیں، کئی اہم ڈیموکریٹس نے ان کی بطور صدارتی امیدوار حمایت کی ہے ۔مشیگن، الینوائے ، منیسوٹا، وسکونسن اور کینٹکی کے گورنر نائب صدر ہیرس کے حامیوں میں شامل ہیں، جب کہ نینسی پلوسی نے عوامی سطح پر کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا۔ اب تک 50 سے زائد ڈیموکریٹک اراکین ہیرس کی حمایت کر چکے ہیں۔خیال رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی اگست میں ہونے والے قومی کنونشن میں باقاعدہ اپنے صدارتی امیدوار کو نامزد کرے گی، یہ کنونشن ریاست مشیگن میں 19 سے 22 اگست تک ہوگا، اگر کملا نامزدگی حاصل کر لیتی ہیں تو وہ امریکہ کی صدارتی امیدوار بننے والی پہلی سیاہ فام خاتون ہوں گی۔ادھر امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اپنے حامیوں سے کملا ہیرس کی مکمل حمایت کی اپیل کی گئی ہے ۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیلاوئیر میں انتخابی مہم کیلئے قائم ہیڈ کواٹرز بھی کملا ہیرس کے حوالے کردیا گیا۔کملاہیرس نے الیکشن ہیڈکواٹرز سے پہلے خطاب میں ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے ٹرمپ کو درندہ صفت اور دھوکے باز سے تشبیہ دی۔کملا ہیرس نے کہا کہ ماضی میں بطور پراسیکیوٹر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے ، ٹرمپ کسی جرم میں سزا پانے والے پہلے صدارتی امیدار ہیں۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک ہزار ڈیموکریٹ مندوبین نے ہیرس کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ سیکیورٹی ناکامی تھی، امریکی سیکرٹ سروس ڈائریکٹر نے ذمے داری قبول کرلی۔ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے کمبرلی چیٹل سے تندوتیز سوالات کیے ۔ چیٹل نے تسلیم کیا ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ سیکورٹی ناکامی ہے ۔سی آئی اے امریکی سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ 13جولائی کوہم اہم رہنما کی حفاظت میں ناکام رہے ، ڈائریکٹرسیکرٹ سروس ایجنسی کی کسی بھی کوتاہی کی پوری ذمہ داری لیتی ہوں۔