گول// پولیس نے گول کے علاقہ کلی مستیٰ میں لوگوں کے ساتھ ایک دربار کا انعقاد کیا جس میں علاقہ جات کے معزز شہریوں نے شرکت کی اور اپنے علاقہ جات میں پائے جانے والے مسائل پولیس کے سامنے رکھے۔ یہ دربار ایس ڈی پی او گول محمد امین بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں انہوں نے دربار سے خطاب کیا ۔ اس موقعہ پر لوگوں نے کہاکہ اسکولوں میں اساتذہ کی شدید قلت پائی جا رہی ہے جبکہ یہاں پر گزشتہ2008سے دو آر ای ٹی پوسٹوں پرعدالتی کارروائی چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال سے یہاں پر محکمہ صحت کا سینٹر مکمل طور پر بند ہے۔ لوگوںنے دربار کے دوران کہاکہ یہاں پر سڑک پر کئی سالوں سے کام ٹھپ پڑا ہوا ہے جو یہاں کے لوگوں کی سب سے بڑی پریشانی ہے ۔علاقہ برقی رو سے بھی مکمل طور پر ابھی تک محروم ہے ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میں دو ماہ سے لوگوںکو راشن نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ یہاں پر ابھی بھی لوگوں کے آدھار کارڈ نہیں بنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی عوام گزشتہ سال سے ایک پولیس پوسٹ اور آرمی پوسٹ کی مانگ کر رہے ہیں ۔ اس موقعہ پر لوگوں نے پولیس سے یہاں پر جرائم ختم کرنے کی بھی مانگ کی ہے ۔ ڈی ایس پی نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان مسائل کو انتظامیہ تک پہنچائیں گے اور انہیں حل کرنے میں مدد کریں گے ۔ اس موقعہ پر ڈی ایس پی نے کہا کہ عوام کو پولیس کے ساتھ تال میل رکھنا چاہئے اور جرائم و نشہ کے علاوہ غیر قانونی کاموں کو روکا جاسکے ۔