سرینگر//جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کی طرف سے کل ٹیگور ہال میں سالانہ ڈراما فیسٹول کا آغاز ہوا۔افتتاحی تقریب میں تھیٹر شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سرکردہ تھیٹر آرٹسٹ بشیر دادا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اکیڈیمی کے کشمیر آفس کی انچارج فرحت لون نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ2019-20میں مختلف وجوہات کی بناء پر تھیٹر فیسٹول کا انعقاد نہیں ہوسکاتاہم اب کی بار فیسٹول میں 13 تھیٹر گروپ اپنے ڈرامے پیش کررہے ہیں اور یہ فیسٹول 27مارچ تک جاری رہے گا۔بشیر دادا نے امید ظاہر کی کہ اس فیسٹول کے دوران ہمارے فنکار اور تھیٹر سے وابستہ شخصیات اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔بشیر دادا نے اس موقعے پر تھیٹر سے وابستہ بعض شخصیات کو یاد کیا اور ان کو گلہائے عقیدت پیش کئے جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔فیسٹول کے ابتدائی روز مہک ڈرامیٹک کلب سرینگر نے سجود سیلانی کا تحریر کردہ ڈراما ’’ وُتر بِنیُل ‘‘پیش کیا اور وہاں موجود شائقین ڈرامے سے لطف اندوز ہوئے۔ تقریب میں اور لوگوں کے علاوہ ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ، ثقافت شناس اور قلمکار پروفیسر فاروق فیاض، تھیٹر شخصیت گلزار احمد گنائی، سابق ایڈیٹر کلچرل اکیڈیمی محمد اشرف ٹاک, نثار نسیم، سید ہمایوں قیصر، شبیر مجاہد، قاضی فیض، فاروق شیخ، شکیل الرحمان،شفیق قریشی، اشرف شال، دلدار اشرف شاہ، معراج الدین، محمد یوسف شاہین، رشیدشہناز، پرویز مانوس ، حسن جاوید، شبیر حکاک، منظور میرموحود تھے۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر سید افتخار نے انجام دئے۔ فیسٹول کے دوسرے روزآج یعنی16 مارچ کو یِمبرزل یوتھ کلب سرینگر کی پیشکش ’’ارژکال ‘‘پیش کیا جائے گا۔