عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اتل ڈلونے انٹرنیشنل کراپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار دی سیمی ایریڈ ٹراپکس (ICRISAT) حیدرآباد کے ایک وفد کے ساتھ جموں و کشمیر میں ’’ کلایمیٹ سمارٹ ایگر ی کلچر‘‘ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے تفصیلی بات چیت کی۔ وفد کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سٹینفورڈ بلیڈنے کی جبکہ سینئر سائنسدانوں میں ڈاکٹر منظور ڈار اور ڈاکٹر ڈیمارس اوڈینی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریسرچ زرعی یونیورسٹی پروفیسر ہارون نائیک بھی موجود تھے۔بات چیت میںخشک علاقوں کی زراعت کیلئے’’ہمالیائی سینٹر آف ایکسی لینس فار ڈرائی لینڈ ایگری کلچر ‘‘کے قیام پرزور دیا گیا جسے جموں و کشمیر کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ اوردیرپازراعت میں رہنما بنانے کے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔مجوزہ مرکز تحقیق، اختراعات اور زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کا ایک مرکز ہوگاجو ہمالیائی خطے کے منفرد زرعی ماحولیاتی نظام کے لئے موزوں ہوگا۔ اس کے اہم شعبہ جات میں موسمیاتی فصلوں کی اقسام کی ترقی،بیج کے غیرمرکزی نظام کو مضبوط بنانا،دوبارہ پیدا کرنے والے اور خشک زمین کے کھیتی باڑی کے طریقوں کو فروغ دینا ،مٹی اور پانی کے تحفظ کو آگے بڑھانا اس کے علاوہ پورے جموں وکشمیر یوٹی میں کسانوں پ مرکوز ویلیو چینز کو بڑھانا شامل ہوں گے۔