محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں حالیہ شدید بارشوں نے زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ کلائی سے کالابن تک جانے والی اہم سڑک کئی مقامات پر زمین کھسکنے اور بھاری ملبے کے گرنے کے باعث تقریبا بند ہو گئی ہے، جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک علاقے کی ایک اہم لائف لائن ہے اور اس کے بند ہونے سے نہ صرف روزمرہ کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے بلکہ ایمرجنسی سروسز کی آمد و رفت بھی رکاوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ سڑک کی خراب حالت اور راستے میں پڑی رکاوٹیں مقامی لوگوں کے لئے ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہیں۔ ایڈوکیٹ محمد اخلاق چوہان نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سڑک سے ملبہ ہٹایا جا سکے اور اسے دوبارہ آمد و رفت کے لئے بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہابارشیں قدرتی عمل ہیں لیکن انتظامیہ کو اس طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئے پہلے سے تیار رہنا چاہیے۔علاقائی افراد نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مشینری اور افرادی قوت روانہ کرے تاکہ سڑک جلد از جلد کھولی جا سکے۔ مقامی لوگ امید کر رہے ہیں کہ انتظامیہ ان کی مشکلات کا نوٹس لے گی اور اس اہم مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ماہرین کے مطابق اگر سڑک کو بروقت بحال نہ کیا گیا تو یہ نہ صرف مقامی لوگوں کی زندگی متاثر کرے گی بلکہ علاقے کی معاشی اور سماجی سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔