کشمیر یونیورسٹی کے اہتمام سے ہفتہ بھر کا ٹریکنگ کورس رجسٹرار نے ناراناگ، گنگ بل اور سونمرگ کیلئے جھنڈی دکھائی

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//جسمانی فٹنس اور ایڈونچر کو فروغ دینے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس  کشمیر یونیورسٹی ایک ہفتہ طویل ٹریکنگ کورس کا انعقاد کر رہا ہے۔ رجسٹراریونیورسٹی ڈاکٹر نثار احمد میر نے ڈی پی ای ایس کے پینتیس (35) MPEd ،طلباء کے دستے کو ناراناگ، گنگ بل اور سونمرگ پر محیط ایک ٹریکنگ کیمپ کیلئے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس تقریب کے دوران ڈاکٹر نثار احمد میر نے طلباء کی جسمانی تندرستی کو بڑھانے کے لیے اس طرح کی مہمات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلباء کے تجربات کو تقویت دینے کے لیے اس طرح کے اقدامات پیش کرنے کے لیے یونیورسٹی کے عزم کو سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انچارج ٹریکنگ کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر سرجیت سنگھ نے جسمانی تعلیم کے میدان میں ٹریکنگ کورسز کے اہم کردار اور ملازمت پر ان کے ممکنہ اثرات پر روشنی ڈالی۔سیکشن آفیسر ڈی پی ای ایس، مرزا ارشاد حسین بیگ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس طرح کے کورسز کے ذریعے پیش کیے گئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ڈاکٹر سرجیت سنگھ، کوآرڈی نیٹر (MPEd)، بطور مینیجر دستے کے ساتھ ہیں تاکہ حصہ لینے والے طلباء کے لیے ایک محفوظ اور بھرپور تجربہ کو یقینی بنایا جا سکے۔