کشمیر گالف ٹورنمنٹ کے لئے موزوں جگہ

سری نگر//جموں وکشمیرکے سیکریٹری ٹورازم سرمد حفیظ کا کہنا ہے کہ کشمیر گالف ٹورنمنٹ کے لئے موزوں جگہ ہے اور اس سال کئی بین الاقوامی گالف کھلاڑی بھی ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کے لئے کشمیر آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کوملک کا گالف کیپٹل بنانے کے خواہاں ہے ۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں سیاحتی شعبے کو بڑھاوا دینے کی خاطر کافی گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گالف ٹورنمنٹ کے لئے کشمیر میں بہترین مقامات ہے کیونکہ باقی ریاستوں میں سخت گرمی پڑنے کے باعث کشمیر کا موسم اس لحاظ سے کافی بہتر ہے ۔  سیکریٹری ٹورازم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس جنت بے نظیر کا بھر پور فائدہ اُٹھا کر یہاں زیادہ سے زیادہ ٹورنمنٹ کرائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں انٹرنیشنل معیار کے گالف کورس موجود ہیں اُن کے مطابق ہم جموں وکشمیر کو ملک کا گالف کیپٹل بنانے کے خواہاں ہے ۔ موصوف کمشنر سیکریٹری سرمد حفیظ نے بتایا کہ پچھلے سال ہم نے گالف ٹورنمنٹ کی شروعات کی اور اس سال بھی یہاں پر گالف ٹورنمنٹ منعقد کئے جارہے ہیں جس میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے زمانے کے ٹورنمنٹ پروفیشنل نہیں ہوا کرتے تھے لیکن ہم نے یہاں پر پروفیشنل ٹورنمنٹ منعقد کئے ہیں۔ مسٹر سرمد حفیظ نے بتایا کہ ہم نے مرکزی وزارت سے مل کر یہاں پر کئی ٹورنمنٹ کرائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جاپان ، ملیشیا اور سنگار پور کے کھلاڑی یہاں کھیلنے آتے ہیں اور مذکورہ کھلاڑی کشمیر کے گالف کورسوں کو کافی زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس ٹورنمنٹ میں جنوبی بھارت کے متعدد کھلاڑی شرکت کرنے کے لئے آرہے ہیں۔ اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں سیاحتی شعبہ اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اورا س طرح کے ٹورنمنٹ منعقد کرنے سے اس کو مزید بڑھاوا ملے گا۔