عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر کے بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر تازہ برف باری جب کہ جمعرات کو میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ حکام نے بتایاکہ شمالی کشمیر میں گلمرگ، بانڈی پورہ کے گریز اور کچھ دیگر مقامات پر رات بھر تازہ برف باری ہوئی جو صبح تک جاری رہی۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر سمیت بیشتر میدانی علاقوں میں درمیانی سے بھاری بارش ہوئی۔گریز میں شدید برف باری اور برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر حکام نے اسکولوں کو 15 مارچ تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے اتوار کی صبح تک بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے بعد موسم میں بہتری کا امکان ہے۔ سرینگر میں 10.6 ملی میٹر ، کپوارہ میں 9.1 ملی میٹر، گلمرگ میں 5.6 ملی میٹر ، پہلگام میں5.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں خراب موسمی صورتحال کا سلسلہ 16 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 13 اور 14 مارچ کو وادی میں کئی مقامات پر ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جبکہ 15 اور 16 مارچ کو بھی کئی مقامات پر رک رک کر ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ادھرمژھل کپوارہ کی اندرونی سڑکیں ابھی بھی بھاری برف سے ڈھکی ہوئی ہیں ۔غلام نبی رینہ کے مطابق سونمرگ سڑک پر بارشوں اور برفباری کے دوران زیڈ مور ٹنل کے قریب پتھر گرنے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ زیرو پوائنٹ کلن سے زیڈ مور ٹنل کے ویسٹ پورٹل تک چند ایک مقامات پر برفباری اور بارشوں کے دوران سڑک پر پتھر گرآنے کے سے حادثات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ادھر پہلگام میں جمعرات کو ایک دیوار کے گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔پولیس نے کہا کہ پہلگام ٹیکسی سٹینڈ کے قریب دیوار کا ایک حصہ مسلسل بارش کی وجہ سے منہدم ہوگیا۔حکام نے بتایا کہ دیوار گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو مزید علاج کے لیے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔