عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پہلے پتھرا ئوکے واقعات ہوتے تھے لیکن آج ایسے واقعات نہیں ہیں۔ ٹھاکر نے کہا آج نہ صرف لال چوک بلکہ کشمیر کی ہر گلی میں ہندوستانی جھنڈا لہرا رہا ہے۔مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے پارلیمنٹ میں ٹی ایم سی لیڈر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں حالات بدل گئے ہیں اور اب، مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پتھر بازی کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ترنگا اب جموں و کشمیر کی ہر گلی میں لہرایا جاتا ہے لیکن اس سے قبل جب نیشنل کانفرنس (این سی) کی حکومت تھی، بی جے پی لیڈروں کو وہاں جھنڈا لہرانے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کے مارے جانے پر افسوس ہوتا ہے، لیکن اپوزیشن کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جموں و کشمیر میں ان کے 70 سال کے دور حکومت میں 45,000 لوگ مارے گئے۔ٹھاکر نے کہا کہ الیکشن کمیشن(ای سی) نے حال ہی میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات “صحیح وقت” پر ہوں گے۔