مظفرآباد//کشمیر کی موجودہ صورتحال اوراین آئی اے کی طرف سے حریت قائدین و کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف امت اسلامی کے زیر اہتمام مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔مظاہرین بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کررہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر حل کرانے ،کشمیر میں مظالم بند کرانے ، کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے 35A کو ختم کرنے کے عمل کو روکنے،این آئی اے کی کارروایاں روکنے اورکشمیری رہنماﺅں اورنوجوانوں کی رہائی کے مطالبات درج تھے۔احتجاجی مظاہرین اور قائدین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر واضح موقف پیش کرنے پروزیراعظم پاکستان کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔ امت اسلامی کے صدر سید منظور احمد شاہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی مہم جاری ہے جبکہ این آئی اے کی طرف سے گرفتاریوں ،حریت قائد ین کو بدنام کرنے اور کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام کی یہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں۔ریلی میں پیپلزپارٹی کے شوکت جاوید میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، مہاجرین رہنما چوہدری فیروز دین، محمد یونس میر، محمد یوسف بٹ، چوہدری مشتاق، محمد اقبال اعوان، راجہ ذخیر خان، لیاقت اعوان، تنظیر اقبال، صمد جان اور مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر شفیق انقلابی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور مہاجرین و انصار کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔