کٹھوعہ// وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ’کشمیر‘ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر کے ساتھ لفظ ’’مسئلہ‘‘ استعمال نہ کریں‘۔ جتیندر سنگھ نے ہفتہ کے روزکٹھوعہ میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشے پرنامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ’میرا ہمیشہ یہ کہنا رہا ہے اور میں آج بھی کہتا ہوں کہ کشمیر کوئی مسئلہ ہے ہی نہیں۔ میری میڈیا کے دوستوں سے بھی گذارش ہے کہ آپ کشمیر کے لئے لفظ مسئلہ استعمال نہ کیا کریں۔ کشمیر کونسا مسئلہ ہے؟ جموں وکشمیر بھارت کی ایسی ہی ریاست ہے جیسے اترپردیش، آندھرا پردیش، بہار ہے، گجرات ہے۔ آپ بار بار لفظ مسئلہ کا استعمال نہ کریں۔ جموں وکشمیر بھارت کی 29 ریاستوں میں سے ایک ہے‘۔ انہوں نے کہا ’ہمارا ایک حصہ پاکستان کے غیرقانونی قبضے میں ہے۔ ہمارا مقصد اسے واپس حاصل کرنا ہے‘۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے بھارت پاکستان تعلقات سے متعلق بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر جتیندر سنگھ نے کہا ’جہاں تک بھارت کے موقف کا سوال ہے، یہ بات بالکل واضح کردی گئی ہے کہ مودی سرکار کے ہوتے ہوئے دہشت گردی سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔جموں وکشمیرمیں حکومت سازی کی کوششوں کے حوالے سے ڈاکٹرسنگھ نے کہاکہ ہماری جماعت ایک نظم وضبط والی جماعت ہے اورفیصلے تنظیم کے اہم لوگ لیتے ہیں۔