نیو یارک//مسئلہ کشمیر پر تیسرے فریق کی ثالثی کے کردار کو اہم قرار دےتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ درینہ تنا زعہ کے حل کیلئے ہند پاک کے درمیان امریکا کلیدی رول ادا کرسکتا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے خطے میں امن اورسلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیرملیحہ لودھی نے نیویارک میں واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک کی عالمی امور کونسل کے ایک ٹیلی ویڑن پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ خطے میں پائیدارامن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کاحل ضروری ہے۔انہوںنے امریکہ پر زوردیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپناکردارادا کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے خطے میں امن اورسلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔پاکستان اوربھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے بارے میں سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان کشمیر اور دوسرے مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی ضرورت پرزوردیا۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیرایک مرتبہ پھر زندہ ہو گیا ہے اور مسئلے کے حل کے لئے دونوں ممالک کو مذاکرات کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازع کشمیر اس وقت علاقائی امن و سلامتی کے لئے ایک اہم خطرہ ہے جب کہ پاکستان اور بھارت میں کشمیر کے مسئلے پر امریکا کی نمایاں حیثیت ہے لیکن حالیہ برسوں میں ہم نے محسوس کیا ہے امریکا کا جنوبی ایشیا میں توازن کا فقدان ہے، خطے کے لئے ایک امتیازی جوہری پالیسی تھی لیکن بش انتظامیہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ سول جوہری معاہدے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ گیا ہے۔قبل ازیں چین کے خبررساں ادارے کو انٹرویو میں ملیحہ لودھی نے پاک چین اقتصادی راہداری کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا کلیدی نکتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نہ صرف لوگوں کو بلکہ دلوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے علاقائی روابط یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی روابط کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام لوگ معاشی تعاون اور تجارتی تعلقات سے مستفید ہوں۔ انہوں نے مزہد کہا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات کا ہمیشہ خیرمقدم کیا ہے، چین کے صدر شی جن پنگ بھی کہہ چکے ہیں کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے مضبوط بھائی ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان کے عوام دونوں اس بات پریقین رکھتے ہیں کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے جب کہ چین کے صدر شی جن پنگ کا ایک پٹی ایک شاہراہ کا تصور پورے خطے کے لئے سود مند ثابت ہو گا۔