عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیرریل لنک کا افتتاح 17فروری 2025 کو ہونے جارہا ہے۔ادھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک (USBRL) پروجیکٹ کا افتتاح کر کے ایک نئی تاریخ رقم ہوگی۔وزیراعظم نریندرمودی اس اہم سنگ میل کو پائے تکمیل تک پہنچانے کیلئے کشمیر کیلئے ٹرین سروس کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ وزیر اعظم 17فروری کو جموں ڈویڑن سے خصوصی طور پر تیار کردہ وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کرکشمیرکی جانب روانہ کریں گے۔افتتاحی تقریب کے موقعہ پرمرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو،لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا،وزیراعلیٰ عمرعبداللہ ،اعلی ریلوے حکام اور سیول وپولیس انتظامیہ کے اعلی افسران بھی موجودہونگے ۔ محکمہ ریلوے کے حکام نے بتایاکہ برسوں کی لگن، انجینئرنگ کی مہارت اور انتھک کوششوں کے بعد، کشمیر کے ریل رابطے کا دیرینہ خواب آخرکار پورا ہو گیا ہے اور وندے بھارت ایکسپریس جلد ہی اس تاریخی روٹ پر چلے گی۔ریل پروجیکٹ میںدنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل بھی ہے۔