۔ 11 سے 20 دسمبر تک بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی
پرویز احمد
سرینگر//وادی میں 9اور10دسمبر کی درمیانی شب میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ گلمرگ سمیت بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالخصوص اونچے علاقوں پر بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کے ساتھ عام طور پر ابر آلود موسم رہیگا اور جموں و کشمیر میں 11سے20 دسمبر کے دوران بنیادی طور پر خشک موسم ہونے کی توقع ہے۔اس دوران سرینگر لداخ اور گریز شاہراہ بند رہی جبکہ سنتھن کشتواڑ اور مغل روڑ بھی آمد ورفت کیلئے بند رہے۔ ایک ٹویٹ میں سونم لوٹس کاکہناتھاکہ اتوار سے، دن قدرے گم اور سرد راتوں کی توقع ہے۔
دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ اور رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔ادھر گلمرگ ، کنگہ ڈوری اور افروٹ میں اچھی خاصی برفباری ہوئی۔گلمرگ میں ہفتے کو 6انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔جبکہ سونہ مرگ، زوجیلا، گگن گیر، منی مرگ ،گومری ،کلن اور گنڈ میں بعد دوپہر سے تیز برفباری کی وجہ سے سونہ مرگ سڑک کے بیشتر مقامات پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے چھوٹی گاڑیوں کو کافی دقتیں پیش آئیں۔ ایک بجے کے بعد سیاحوں کو گاڑیوں کو سونہ مرگ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سونہ مرگ میں کچھ ہوٹل اور دوکان بھی بند ہوگئے ہیں۔زوجیلا،سونہ مرگ،پیر کی گلی ،گریز اور سن تھن ٹاپ میں تازہ برف باری کے پیش نظر سری نگر لیہہ شاہراہ ،مغل روڑ ،بانڈی پورہ گریز روڑاور سن تھن روڑ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندرہے ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں آج صبح ساڑھے8بجے تک گلمرگ میں6 سینٹی میٹر اور لیہہ میں 0.1 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ۔ بانڈی پورہ کی وادی گریز، گاندربل کے سونمرگ اور وادی کے کچھ بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔ محکمہ نے بتایا کہ سرینگر میں 0.9 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 2.6 ملی میٹر، پہلگام میں 2.3 ملی میٹر، کپواڑہ میں 5.5 ملی میٹر، کوکرناگ میں 5.6 ملی میٹر، جموں میں 1.0 ملی میٹر، بانہال میں 9.4 ملی میٹر، بٹوٹ میں 13.8 ملی میٹر، کٹرہ میں 2.6 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 2.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دریں اثنا، کل رات بادل چھائے رہنے کے درمیان کم سے کم درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا ۔ سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت 2.8 ڈگری،قاضی گنڈ میں 2.8 ، پہلگام میں1.2، گلمرگ میں 2.3 ، کپوارہ میں، پارہ 1.3 ریکارڈ کیا گیا۔