سرینگر// سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے جموں و کشمیرکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے رول پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کا گورنر ریاست میں گجرات طرز کی جمہوریت عملانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ چدمبرم نے کہا ہے کہ کشمیر کے گورنر کو پارلیمانی جمہوریت فرسودہ نظر آتی ہے، اسلئے انہوںنے ریاست میں گجرات طرز کی جمہوریت لاگو کرنے کا من بنالیا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں سابق مرکزی وزیر نے لکھا کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور پی ڈی پی کی مخلوط سرکار کے اختتام کے بعد یہاںکے سیاستی حالات مخدوش رہنے کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات سے دوچار تھے اور جب پی ڈی پی، کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی غرض سے سرکار تشکیل دینے کا فیصلہ لیا تو ریاستی گورنر نے اسمبلی تحلیل کی، جو حیرت کا مقام ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ریاست کے حالات مد نظر تھے، اس کے باوجود بھی مقامی اور جمہوریت پسند جماعتوں کو حکومت قائم کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔چدمبرم نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہے کہ بھاجپا ریاست کے حالات بہتر ہونا نہیں چاہتی ۔