جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی نے لیہہ پر یس کانفرنس میں صحافیوں کو پیسے تقسیم کئے جانے کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کانگریس کی طرف سے رچی گئی سازش ہے تا کہ بی جے پی کی شبیہہ کو خراب کیا جا سکے ۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران لیہہ کے انچارج وکرم رندھاوا ، جس پر پریس کانفرنس کے دوران لیہہ کے صحافیوں میں نوٹ تقسیم کرنے کا الزام ہے، نے کہا کہ کشمیر میں بی جے پی مخالف عناصر نے کانگریس کے ساتھ مل کر یہ سازش رچی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’سی سی ٹی وی فوٹیج میں جو لفافے تقسیم کئے جا رہے ہیں ان میں نوٹ نہیں بلکہ وزیر دفاع کے دور ہ کے دعوت نامے تھے، کچھ صحافیوں نے لفافے کھولے اور یہ کہہ کر واپس لوٹا دئیے کہ انہیں خصوصی دعوت ناموں کی ضرورت نہیں ہے لیکن مابعد کانگریس کے حمایتی کچھ صحافیوں نے ان لفافوں میں نوٹ ہونے کا الزام عائد ک دیا‘‘۔ رندھائوا نے کہا کہ پریس کانفرنس کے بعد ان صحافیوں نے ان کے ساتھ کھانا کھایا جس کے لئے بی جے پی نے 11ہزار روپے بل ادا کیا، کیا یہ رشوت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے ایک دن کے بعد بھاجپا کے خلاف شکایت درج کروائی۔انہوںنے جموںکے صحافیوں پر اس معاملہ کو ہوا دینے کا الزام لگاتے ہوئے جموں پریس کلب کو ’کانگریس اور کشمیر کے حمایتی ‘لیہہ کے صحافیوں کے خلاف صف آراء ہونے کی اپیل کی۔