جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی و بہبودی کساناں نوین کمار چودھری نے زرعی کمپلیکس میں خریف اور زرعی مشینر ی کے متعلق تیاریوں کاجائزہ لینے کے لئے میٹنگ طلب کی۔یونین ٹریٹری میں مصالحوں اور جڑی بوٹیوں کی کاشت پر غور وخوض کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ان کی کاشت سے زراعت اور باغبانی شعبوں میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ضلع افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے رام بن میں زیتون اور کٹھوعہ اور سانبہ میں ہلدی کی کاشت کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کسانوں کو صرف حیاتیاتی فصلوں کی کاشت کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا۔ اسی طرح انہوں نے کشمیر کے چند اضلاع میں مرچی کی کاشت کرنے کی صلاح کی ۔ اس دوران بتایا گیا کہ تاجر حضرات بڑے پیمانے پر یہاں کی پیداوار کے حصول کے لئے تیار ہے ۔پرنسپل سیکرٹری نے افسران کو محکمہ جاتی سکیموں کے فوائد اور مؤثرطور عوام تک پہنچانے اور مختص رقومات منصفانہ طور صرف کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے تمام سرکاری سکیموں کے لئے درخواست دہند گان تک پہنچ کر ان کی اِلتوا میں پڑی درخواستوں پر کارروائی کرنے کے لئے کہا۔ پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ افسروں کو اگلے سال کے لئے منصوبہ مرتب کرنے کے لئے کہا اور مختلف پنچایتوں کے لئے اجتماعی منصوبہ بندی دیگر محکموں کی معاونت سے مرتب کرنے کے لئے کہا۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر زراعت جموں اِندرجیت ، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت جموں کے کے شرما، جوائنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر (پی اینڈ ایم) ، ڈِگ وِجے گپتا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں شفیقہ خالد کے علاوہ دیگر ضلع افسران نے شرکت کی ۔ڈائریکٹر زراعت کشمیر محمد اقبال چودھری اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ کے علاوہ کشمیر کے دیگر ضلع افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔