سرینگر// دختران ملت نے اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی انجمنوں پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں حقائق کی جانچ کیلئے وفود روانہ کریں تاکہ یہاں جاری مظالم دنیا کے سامنے لائے جاسکیں۔دختران ملت نے حال ہی میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کیلئے منتخب ہونے والے پاکستان پر زور دیا کہ وہ کشمیری لوگوں پر ہورہے مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا ہے۔ ایسی صورت حال میں اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی انجمنوں پر ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر وفود بھیجیں اور یہاں کہ زمینی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ پاکستان پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ انسانی حقوق کونسل کا ممبر بننے کے بعد وہ اب ان مظالم کو دنیا کے سامنے لائیں۔