نیویارک//پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے لیکن بھارت داخلی مسائل کے باعث مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔غیرملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات تین سال سے تعطل کا شکار ہیں، دونوں ممالک کے مابین مسائل مذاکرات سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سارک اجلاس کا بائیکاٹ بدقسمتی ہے، بھارت داخلی مسائل کے باعث مذاکرات سے بھاگ رہا ہے، کشمیر میں بھارت کی جانب سے طاقت کے استعمال سے نقصان ہوا، اسی وجہ سے محبوبہ مفتی اورعمر عبداللہ نے بھی بھارتی حکومت سے راستے جدا کرلئے ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔