سرینگر// نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کی توجہ کشمیر میں جاری جد و جہد آزادی سے ہٹانے کیلئے بھارت کشمیر کے اندر ایک بڑے فوجی آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ہے۔موصولہ بیان کے مطابق نعیم خان کپوارہ میں ایک پارٹی میٹنگ کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔اس موقع پر نعیم خان نے کہاکہ کشمیر کی جد و جہد آزادی کو بد نام کرنے کیلئے بھارت بڑی سنجیدگی سے منصوبہ سازی کررہا ہے۔انہوں نے کہا”بھارت ایک بڑے فوجی آپریشن کی تیاریاں کررہا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی برادری کو یہ تاثر دے سکے کہ وہ کشمیر کے اندر دہشت گردی کا سامنا کررہا ہے“۔انہوں نے مزید کہا کہ تاہم یہ بات اب عالمی برادری پر بہت حد تک واضح ہوگئی ہے کہ کشمیری عوام مسلمہ حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر منصفانہ اور غیر حقیقت پسندانہ اپروچ کی بنا پر یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ نئی دلی تنازعہ کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں ہے لیکن وہ یہاں کے لوگوں، خاص کر نوجوانوں کو مختلف بہانے تراش کرستانے میں ہی یقین رکھتا ہے۔انہوں نے نوجوان طبقے سے اپیل کی کہ وہ ہر قدم نہایت سوچ سمجھ کر اُٹھائے تاکہ بھارت کو اسی کے جال میں پھنسایا جاسکے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ وہ بھارت کے مکروہ عزائم کا ادراک کریں اور اپنی صفوں کے اندر استقامت کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط پیدا کریں۔