کشمیر میں افغانی اسلحہ کی برآمدگی میں اضافہ

نیوز ڈیسک
نئی دہلی// ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروانے کہا ہے کہ کشمیر میں افغانستان سے اسلحہ اور گولہ بارود کی ضبطی میں اضافہ ہوا ہے۔جنرل نروانے، جو اتوار کو سبکدوش ہونے جارہے ہیںنے جمعرات کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں کہا “ہتھیاروں اور دیگر آلات کی تعداد میں یقینی طور پر اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر رات میں دیکھنے والے آلات جنہیں ہم پکڑ رہے ہیں یا تلاش کر رہے ہیں، جو یقیناً افغانستان سے آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ خدشہ بھی تھا کہ گزشتہ اگست میں طالبان کے افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد پاکستان کی طرف سے مجاہدین کو کشمیر میں دھکیل دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ”جب 2000 کی دہائی کے اوائل میں افغانستان میں طالبان کی پچھلی حکومت تھی، تو ہمارے پاس تھوڑا سا اضافہ ہوا تھا، ہم نے افغان ملی ٹینٹوں کو (کشمیر میں) بھی پکڑا یا مار ڈالا،’’۔پچھلے مہینے، جنرل نروانے اور دیگر اعلیٰ فوجی کمانڈروں نے مغربی اور شمالی سرحدوں پر فوجیوں کی تعیناتی کا جائزہ لیا۔فوجی اعلیٰ حکام نے چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول اور پاکستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر فورس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس سال فروری میں، جنرل نروانے نے کہا تھا کہ افغانستان کی صورتحال پر دوبارہ توجہ مرکوز کی گئی ہے، پراکسی اور غیر ریاستی عناصر کا استعمال فیصلہ کن اثرات کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ”میں نے ماضی میں یہ کہا ہے، اور میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ مستقبل میں ہونے والے تنازعات میں، فوجیں، سب سے زیادہ آگے کی جگہوں پر، تیار اور انتہائی چوکسی کی حالت میں رہیں گی لیکن، ہو سکتا ہے کہ وہ پہلی جارحیت کا سامنا نہ کریں۔ 

 

 

پونچھ میں ایل او سی پر سرنگ دھماکہ

میجر سمیت 3فوجی اہلکار زخمی

عشرت بٹ

 

جموں//  پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب جمعہ کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک میجر سمیت تین ہندوستانی فوج کے اہلکار زخمی ہو گئے۔پونچھ ضلع کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں کنٹرول لائن کے ساتھ معمول کی گشت کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ انہیں اودھم پور کے کمانڈ اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔پولیس کے مطابق”دھماکہ دوپہر 2.30 بجے کے قریب ہوا، فوجیوں کے حادثاتی طور پر بارودی سرنگ پر قدم رکھنے کے بعد زوردار دھماکہ ہوا، جس سے فوجیوں کو شدید زخم آئے”۔ زخمیوں کی شناخت میجر گرونگ، نائب صوبیدار دلبیر اور حوالدار حکم چند کے طور پر ہوئی ہے۔

 

 

کنٹرول لائن پار کرنیوالاشخص 

راجوری میں گرفتار

 سمت بھارگو

 

راجوری// الرٹ فوجی دستوں نے جمعہ کی صبح پاکستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے ایک شہری کو راجوری ضلع میں سرحد کے اس طرف عبور کرتے ہوئے پکڑ لیا۔دفاعی ذرائع نے بتایا، لائن آف کنٹرول سے ایک شخص کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ راجوری ضلع کے ترکنڈی پٹی میںLOC کے اس پار سے ہندوستانی علاقے میں گھس رہا تھا۔”انہوں نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے شخص کو مزید تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن منجاکوٹ کے حوالے کر دیا گیا ۔ گرفتار شہری کی شناخت 55سالہ محمود علی ولد شاہ ولی ساکن کوٹلی کے طور پر کی گئی ہے۔ گرفتار شخص کے ساتھ ایک کلہاڑی اور کچھ نقدی پیسے تھے۔ انہوں نے بتایا اس بات کی تحقیقات ہو رہی ہے کہ آیا شہری غلطی سے اس پار آیا یا دانستہ طور پر ۔