محمد تسکین
بانہال// حکام نے اتوار کو بتایاکہ وادی کشمیر کیلئے وندے بھارت ٹرین سروس کا افتتاح ملتوی کر دیا گیا ہے۔اس سے پہلے کی اطلاعات، جن کی حکام نے تصدیق نہیں کی تھی، کہا گیا تھا کہ ادھم پور، سری نگر اور بارہمولہ کے درمیان وندے بھارت ٹرین سروس کا افتتاح 17 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔ذرائع نے بتاا کہ کٹرا اور سرینگر کے درمیان براہ راست ریل سروس کیلئے مزید انتظار کرنا پڑیگا۔البتہ اس ضمن میں کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔ شمالی ریلوے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 17 فروری کو کٹرا اور سرینگر کے درمیان ریل سروس شروع کرنے کے بارے میں اگرچہ کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا تھا تاہم شمالی ریلوے حکام کو اس تاریخ کیلئے تیار رہنے اور ریلوے ملازمین کو چھٹی نہ دینے کا زبانی حکم دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 17 فروری کو ریل سروس شروع کرنے کے زبانی حکم کو اب نئے زبانی حکم سے ہی ملتوی کیا گیا ہے اور کوئی تحریری حکم صادر نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بتایا جارہا ہے کہ ریل سروس شروع کرنے کیلئے 21 یا 22 فروری کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ کشمیر ریل پروجیکٹ کو عوام کے نام وقف کرنے میں ہو رہی اس تاخیر کے پیچھے دہلی میں حکومت سازی اور حلف برادری کی تقریب کو بھی وجہ مانا جا رہا ہے۔ چیف ایریا منیجر کشمیر ریلوے ثاقب یوسف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 17 فروری کو کٹرا اور سرینگر کے درمیان ریل سروس شروع کرنے کیلئے کوئی سرکاری حکم نہیں تھا اور ناہی 21 یا 22 فروری کو ریل سروس شروع کرنے کیلئے کوئی سرکاری حکمنامہ آیا ہے۔واضح رہے کہ بانہال اور کٹرا کے درمیان 111 کلومیٹر کے آخری حصے میں کشمیر ریل پروجیکٹ کا تمام کا م مکمل ہو چکا ہے اور سیفٹی انسپکشن ، ریل کو آزمائشی طور چلانے اور کئی پلوں کا لوڈ ٹیسٹ کرنے کے تجربات کامیابی سے مکمل کئے گئے ہیں۔