سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کشمیر کو دُنیا کے سیاحتی منظر نامے میں ایک اہم سیاحتی مقام قرار دیتے ہوئے ٹور اینڈ ٹریول انڈسٹری پر زور دیا ہے کہ وہ وادی سے متعلق منفی تاثرات کو بدلنے کے لئے ایک موثر حکمت عملی تیار کرنے کی خاطر متحد ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر دُنیا کے کسی بھی دوسرے سیاحتی مقام کی طرح بالکل محفوظ ہے تا ہم اس کی صحیح عکاسی ذرائع ابلاغ کے سیکشن میں نہیں کی جاتی ہے۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری سیاحت ریگزن سیمفل، ناظم سیاحت تصدق جیلانی، چئیرمین پی ایچ ڈی سی سی آئی جے اینڈ کے چیپٹر مشتاق چایہ اور پی ایچ ڈی سی سی آئی کے نمائندے بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔خورشید گنائی نے ریاست میں ٹور اینڈ ٹریول کے ساتھ وابستہ متعلقین سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے ثمر آور نتائج سامنے آئیں گے اور ہم کشمیر سے متعلق پچھلے کئی برسوں کے دوران ظاہر کئے گئے منفی تاثرات کو دُور کرنے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ ذرائع ابلاغ بالخصوص دور درشن کی پہنچ کو تسلیم کر یں۔ انہوں نے کہا کہ پرسار بھارتی کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے سے کشمیر کو ایک صحیح تناظر میں پیش کرنے میں مدد ملے گی۔خورشید گنائی نے محکمہ سیاحت کی طرف سے ریاست میں سیاحو ں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے حوالے سے کئے جارہے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس ضمن میں سیاحتی صنعت سے جڑے افراد کی تجاویز طلب کیں۔مشیر نے کہا کہ محکمہ سیاحت مستقبل قریب میں کشمیر فیسٹول کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی سیکٹر سے جڑے افراد کو وادی کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے انہیں یہاں مدعو کیا گیا ہے۔انہوں نے وفد کو جانکاری دی کہ مستقبل میں ریاست سے تعلق رکھنے والا ایک وفد گجرات، مہاراشٹر، کولکتہ اور تامل ناڈو جیسے بڑے شہروں کا دورہ کر کے وہاںروڈ شوز اور دیگر سرگرمیاں عمل میں لائے گا۔وفد نے مشیر کے سامنے کئی معاملات رکھے اور انہیں حل کرنے میں ان کی مداخلت طلب کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پی ایچ ڈی سی سی آئی کشمیر چیپٹر ایس کے آئی سی سی میں 22 اور23 ستمبر2018 کو پی ایچ ڈی گالف ٹورازم کنکلیو اور ٹورنامنٹ کا انعقاد کررہا ہے جس میں وزارت سیاحت کے افسران، سفارتخانوں کے افراد، ملکی اور غیر ملکی ٹور آپریٹر، ریاستی اور بین الاقوامی ٹورازم بورڈز، ہوٹل مالکان اور کئی دیگر متعلقین شرکت کریں گے۔وفد نے حکومت کا تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ملک بھر میں گالف کورسوں بالخصوص ریاست میں گالفنگ کو فروغ دیا جاسکے تا کہ سیاحتی سیکٹر کو بھی دوام حاصل ہوسکے۔وفد نے تعلیم، سماجی بہبود، مال، باغبانی اور پشو پالن سیکٹروں سے جڑے کئی معاملات کو بھی اُجاگر کیا۔خورشید گنائی نے وفد کے مسائل غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور انہیں جلد از جلد نمٹارے کے لئے متعلقین تک پہنچایا جائے گا۔