سرینگر// کرکٹ کلب کشمیر جمخانہ کی نمائندگی کرنے والے کامران اقبال کو انڈیا انڈر19 ٹیم کے لئے منتخب کیاگیاہے۔ دلکش اسٹروکس اور جارحانہ بلے بازی کے لئے مشہور کامران اقبال کافی عرصہ سے بی سی سی آئی کے جونیئر سیلکٹروں کی نظروں میں رہے ہیں اورآج ان کی محنت اور صلاحیت رنگ لائی ۔ شہر خاص کے نوپورہ وانی یارصفاکدل کے رہنے والے کامران اقبال نے جونیئر سطح کے قومی ٹورنامنٹوں میں اب تک زبردست کارکردگی کامظاہرہ کیاہے اور وہ جموں وکشمیر کے واحد کرکٹر ہیں جنہوںنے جونیئر لیول کے سبھی ٹورنامنٹوں میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔ کامران اقبال نے انڈر14، انڈر16 اور انڈر19 کے قومی سطح کے مقابلوں میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈیمی میں بھی کامران اقبال نے صلاحیتوں کا لوہامنوایا اور سلیکٹروںکو اپنی دلکش اور جارحانہ بلے بازی سے متاثر کیا۔ کامران اقبال کے والد اوروالدہ پیشے سے ڈاکٹر ہیں لیکن انہوںنے کامران اقبال میں چھپی صلاحیتوں کو پرکھ لیاتھا اورانہوںنے کامران کوکرکٹ کھیلنے کی پوری آزادی دی ۔ انڈر19انڈیا ٹیم میں کامران اقبال کے انتخاب پر ریاست جموں وکشمیر کے سینئر وجونیئر کھلاڑیوں نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ انڈیاانڈر19ٹیم میں کامران کے انتخاب سے ریاست کے دیگر سینئر وجونیئر کھلاڑیوں کو نیا حوصلہ ملا ہے اور وہ بھی کامران اقبال کی طرح محنت اورلگن سے اپنے کھیل میں نکھارلائیں گے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ لکھنو میں افغانستان، نیپال اورانڈیااے اورانڈیا بی انڈر19ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کھیلاجائیگا۔ کشمیر جمخانہ کرکٹ کلب کے صدر اور جموں وکشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری اقبال احمد شاہ نے کامران اقبال کے انڈیا انڈر 19میں انتخاب پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کامران کے انتخاب سے ریاستی کرکٹروں کے ساتھ ساتھ کشمیر جمخانہ کرکٹ کلب کے عہدیداروں اورکھلاڑیوں کا سرفخر سے اونچا ہوگیاہے ۔