عارف بلوچ+ارشاد احمد +بلال فرقانی
اننت ناگ +بڈگام +سرینگر// وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میںکشمیری پنڈت ملازم کی ہلاکت کے خلاف وادی کے مائیگرنٹ کیمپوں میں مقیم سینکڑوں کشمیری پنڈتوں نے مظاہرے کئے۔ کئی علاقوں میں احتجاج کیا گیا اور رات دیر گئے تک سرینگر جموں شاہراہ پر قاضی گنڈ میں دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی۔کشمیری پنڈت ملازمین نے آج راج بھون کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ راہل بھٹ کی ہلاکت کے خلاف بارہمولہ، قاضی گنڈ،بڈگام،مٹن اور سرینگر میں احتجاج کیا گیا۔ ویسو قاضی گنڈ میں اس ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا گیا اور قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا،جس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حرکت بند ہوگئی۔یہاں سینکڑوں کشمیری مائیگرنٹ پنڈتوں نے مام بتیاں جلاکر شاہراہ پر دھرنا دیا اور رات دیر گئے تک احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اننت ناگ کے مٹن مائیگرنگ کالونی میں بھی احتجاج کیا گیا،جس کے دوران مظاہرین نے کشمیری پنڈت ملازم کی ہلاکت میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔سرینگر کے اندر انگر علاقے میں شام کے بعد کشمیری پنڈت جمع ہوئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔انہوں نے کافی دیر تک ہلاکت کے خلاف احتجاج کیااور کشمیری پنڈتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ قاضی گنڈ کے بعد شیخ پورہ بڈگام میں بھی بہت بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ یہاں کالونی میں مقیم مرد اور خواتین جمع ہوئے اور انہوں نے احتجاجی مظاہرے کئے،جس میں کشمیری پنڈتوں کو تحفظ دینے اور ان ہلاکتوں میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ یہاں پنڈت مظاہرین نے انتظامیہ کیخلاف بھی نعرے لگائے۔بارہمولہ میں بھی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔یہاں ویران کالونی میں کشمیری پنڈت جمع وئے اور انہوں نے اس قتل کیخلاف احتجاج کیا۔اس دوران وزیر اعظم پیکیج کے تحت کام کرنے والے کشمیری پنڈتوں کی انجمن نے آج یعنی جمعہ کی صبح 10بجے راج بھون کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کی کال دی ہے۔