عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں وکشمیرخصوصاً وادی کے برآمدگان (ایکسپورٹرز) کیلئے ایک بڑی راحت کا اعلان کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل آف فارن ٹریڈ (DGFT) نے کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز (KCCI) کو ’کنٹری آف اوریجن ‘(CoO)جاری کرنے کا دوبارہ اختیار دیا ہے ۔اس سے قبل ستمبر2023کو مذکورہ مرکزی ادارے نے کشمیر چیمبر سمیت ملک کی تقریبا29کاروباری انجمنوں کو لازمی قواعد وضوابط کی پاسداری نہ کرنے پر ڈی لسٹ کردیا تھا ۔ ڈائریکٹر جنرل آف فارن ٹریڈ کی نوٹفکیشن زیر نمبر38/2023بتاریخ31جنوری 2024کی رو سے کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز سمیت ملک کی 4مختلف کاروباری انجمنوں کو دوبارہ اس فہرست یں شامل کیا ہے ،جن پر ستمبر2023کو سرٹفکیٹ آف اوریجن اجراء کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی ۔ ایڈیشنل سیکریٹری ڈائریکٹر جنرل آف فارن ٹریڈ حکومت ہند سنتوش کمار سارنگی کی جانب سے جاری نوٹفکیشن میں کہا گیا ہے ’’فارن ٹریڈ پالیسی (FTP)2023کے پیراگراف2.04مع پیراگراف1.03کی روسے حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملک کے چار چیمبروںاورایجنسیوں کو سرٹفکیٹ آف اوریجن (غیر ترجیحی )(CoO(NP))اجرا کرنے کے حوالے سے فہرست میں دوبارہ شامل کیا جارہا ہے جنہیں اس سے قبل ایک عوامی نوٹس زیر نمبر31/2023بتاریخ20ستمبر2023کے تحت ڈی جی ایف ٹی نے فہرست سے باہر نکال دیا گیاتھا اور انہیں برآمدگان کو یہ سند اشو کرنے سے روک دیا تھا ۔کے سی سی آئی کے علاوہ کرناٹک ،گجرات اور اترپردیشن کے کاروباری چیمبراور ایجنسیوں کو بھی دوبارہ فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔اس حوالے سے کے سی سی آئی ترجمان اعلیٰ فیض بخشی نے بتایا کہ یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے اور اس کیلئے چیمبر نے ڈائریکٹر جنرل آف فارن ٹریڈ کی ہدایات کے مطابق تمام لوازمات مکمل کرلئے اوربالآخر کشمیر چیمبر کو دوبارہ یہ اعزاز مل گیا ۔