سرینگر//حریت کے دونوں دھڑوںنے براٹھ سوپور اور گلورہ ہندوارہ جاکر معرکہ سوپور میں جاں بحق ہوئے نعیم احمد نجار اور پرویز احمد وانی کو خراج عقیدت ادا کیا۔حریت (گ)بیان کے مطابق شاہ ولی محمد، بشیر احمد قریشی اور منظور احمدنے تعزیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان اعلیٰ تعلیم یافتہ جوانوں کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ مذکورہ لیڈران نے لواحقین تک حریت چیئرمین سید علی گیلانی کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا ’’ہم سب ان جوانوں کے خون سے سینچی ہوئی تحریک کے امین اور وارث ہیں جسے اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دینے کیلئے شعوری طور تیار رہنا چاہئے۔ حریت (ع) ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ رواں تحریک آزادی میں کشمیری قوم کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان ہی قربانیوں کے طفیل آج عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دائمی حل کو جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کے تئیں استقامت اور وابستگی رواںتحریک آزادی کی کامیابی کے ناگزیر تقاضے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم فکری یکسوئی کے ساتھ رواں مزاحمتی تحریک کے ساتھ اپنی وابستگی اور یکجہتی کو یقینی بنائے تاکہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو سکے ۔