سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی کو جموں کشمیر میں تشدد کی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے، نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبد اللہ نے سنیچر کو کہا کہ کشمیریوں کو قتل کیا جارہا ہے، پاکستانی اور غدار قرار دیا جارہا ہے۔
فاروق عبد اللہ نے کولکتہ میں ترنمول کانگریس کی ایک تقریب پر بولتے ہوئے کہا''جموں کشمیر کی طرف دیکھو کہ اس کو کہاں پہنچایا گیا ہے۔لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ وہ پاکستانی اور غدار ہیں''۔
فاروق نے مزید کہا ''بھارتیہ جنتا پارٹی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے مل کر الیکشن لڑنا پڑے گا''۔
ممبر پارلیمنٹ، فاروق عبد اللہ نے کہا کہ لوگوں کو خطہ اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا''70سال بعد بھارت کو ایک اور چیلنج درپیش ہے۔اور وہ یہ ہے کہ یہاں لوگوں کو مذہب کی بنیاد پرتقسیم کیا جارہا ہے۔ شمال مشرق میں آگ لگائی جارہی ہے۔ اگر آپ ملک کو بچانا چاہتے ہیں ، تو ہر ایک کو قربانی دینی پڑے گی۔میں مسلمان ہوں لیکن ہندوستان کا حصہ ہوں، ہر کشمیری چاہے وہ جموں سے ہو یا لداخ سے، بھارت کاہی حصہ رہنا چاہتا ہے۔گذشہ چار سال کے دوران موجودہ سرکار نے ہمیں صرف مسائل دئے ہیں''۔
فاروق نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو ''چور مشینیں'' قرار دیتے ہوئے کہا کہ حزب مخالف کو چاہئے کہ پول پینل کو بتائیں کہ ان سے چھٹکارا دلائے۔
انہوں نے کہا''ہمیں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپروچ کرکے اور صدر سے ملکر کہنا چاہئے کہ ہمیں بیلٹ پیپرس چاہیں''۔
انہوں نے کہا کہ اب مرکز میں نئی سرکار چاہئے جو اداروں کو بچائے۔