سری نگر// جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی کے انتقال کے پیش نظر وادی کشمیر میں زمینی سطح پر امن و قانون کی صورتحال کو یقینی بنانے پر سیکورٹی فورسز کے رول کی سراہنا کی ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ مقامی لوگوں، خاص کر نوجوانوں کا ذمہ دارانہ رویہ بھی قابل داد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں بیشتر پابندیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میںڈی جی پی نے گزشتہ 5 دنوں میں زمینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس سی آ رپی ایف اور فوج کی تعیناتی کی تعریف کی ۔ انہوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے دکھائے گئے’ خصوصی تحمل‘ اور مقامی لوگوں خصوصا نوجوانوں کے انتہائی ’ذمہ دارانہ ‘طرز عمل کو بہت سراہا ۔
انہوں نے کہا ہے ” ہمیں امن کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ امن کے دشمنوں کی نشاندہی کی جا سکے اور شرارتی عناصر کو قانون کے تحت سختی سے نمٹایا جا سکے“۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ سمیت بیشتر پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے اور کشمیر اور جموں دونوں علاقوں میں صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے لیکن قریبی نگرانی ہورہی ہے۔