کشتواڑ//درابشالہ کے قریب کلگاڑی میں کشتواڑ ۔ٹھاٹھری سڑک کے حصہ کو ٹھیک کرتے ہوئے اس روڈ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بحال کردیاگیاہے ۔واضح رہے کہ روڈ گزشتہ 5دنوں سے بندتھی جس کوسنیچر کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کردیا گیا ۔حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ ماہ کلگاڑی کے مقام پر پتھروں کے گرنے کی وجہ سے سڑک بند ہو گئی تھی اور تب بھی ایک ہفتہ تک اس پر ٹریفک متاثر رہا۔محکمہ تعمیرات عامہ کے سینئر حکام نے بتایا کہ درابشالہ کلگاڑی کے قریب چٹانیں کھسکنے سے تقریباً 100میٹرحصہ تباہ ہواتھا لیکن عملے نے اسے پانچ دنوں میں بحال کردیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسی مقام پرچند روز قبل تین افراد ملبے تلے دب کر لقمہ اجل بن گئے تھے ۔روڈ 5روز تک بند رہنے کی وجہ سے کشتواڑ میں کھانے پینے کی اشیاء میں کمی واقع ہوئی تھی ۔