عاصف بٹ
کشتواڑ//اپنی نوعیت کے پہلے واقعے میں پولیس نے کشتواڑ کے دور افتادہ علاقہ بونجواہ میں ایک تھری وہیلر ای آٹو ڈرائیور کو سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر چالان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پولیس پوسٹ جوالہ پور کے تحت ای آٹو زیرنمبر JK17A8752کو سیٹ بیلٹ پہننے کے بغیر پایاگیا جسکو دفعہ 194 (B) موٹر وہیکل ایکٹ کے خلاف ورزی قراردیاگیا ۔ مقامی لوگوں و دیگر ای آٹو رکشا ڈرائیور نے اس پر سوال اٹھاتے ہوئے اس کاروائی کو غیر قانونی قراردیاہے کیونکہ ای آٹو رکشا عام طور پر سیٹ بیلٹ سے لیس نہیں ہوتے ہیں۔کشمیر عظمی کے پاس چالان کی کاپی موجود ہے اگرچہ پولیس نے اس پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا لیکن اس واقعے نے دیہی اور دور دراز علاقوں میں ٹریفک کے نفاذ کے طریقوں کے بارے میں بحث کو جنم دیا ہے۔ اے آرٹی او کشتواڑ تسلیم جاوید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تھری وہیلر گاڑیاں بغیر سیٹ بیلٹ کے ہوتی ہیں جن پر اسطرح کی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی ہے۔ پولیس نے موٹر وہیکل ایکٹ کی جس دفعہ کے تحت چالان کیاہے وہ بغیر سیٹ بیلٹ کے پائے جانے پر کیا جاتاہے، اسمیں دیکھنا ہوگا کہ کس طرح یہ کاروائی کی گی ہے۔