نئی دہلی//مال و باز آباد کاری و پی ڈبلیو ڈی کے ریاستی وزیر مملکت سنیل شرما نے نئی دہلی میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ کے ساتھ ملاقات کی ۔اس دوران شرما نے ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے وادی چناب خصوصاً ضلع کشتواڑ کے التوا میں پڑے کئی مسائل پر بات و چیت کی،جن میں کشتواڑ ائر سٹرپ، پاڈر کالج وغیرہ شامل ہیں ۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے کشتواڑ ائر سٹرپ کے بارے میں مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر اشوک گجاپتی راجو اور وزیر مملکت جیانت سنہا سے بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ مدعا وزارت دفاع کے زیر غور ہے کیونکہ اس سلسلہ میں وزارت سے ہی زمین کے بارے میں این او سی حاصل کرنے ہے۔انہوںنے کہا کہ اس سلسلہ میں لوزامات عنقریب ہی مکمل کئے جائیں گے ۔ضلع کے رابطہ کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ وزارت شہری ہوا بازی کشتواڑ میں ایک ائر پورٹ قائم کرے گی،جس میں سرکاری جہاز لینڈنگ کریں گے۔بعدازاں اس میں کمرشل فلائٹیں بھی چلائی جائیں گی ۔مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے شہری ہوا بازی حُکام اور پون ہنس انتظامیہ سے حال ہی میں شروع کئے گئے ہیلی کاپٹر سروس کو سٹریم لائن کرنے کے لئے کہا اور بعد میں اسے کشتواڑ کے ملحقہ علاقوں جیسے کہ دچھن ،مڑواہ وغیرہ میں شروع کرنے کے لئے بھی کہا ہے۔ ڈگری کالج پاڈر کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہا ہے یہ اس علاقہ کی ایک دیرینہ مانگ ہے جسے ایک یا دوسرا بہانہ بناکر پس و پشت میں ڈال دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مرکزی وسائل انسانی فروغ کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور اگر اس میں کوئی روکاوٹ آتی ہے تو یہ کالج مرکزی سرکار کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی روسا (راشٹریہ اُچھتر شکھشا ابھیان) کے تحت کھولنے کے قوائد شروع کئے جائیں گے، اس موقعہ پر ڈاکٹر سنگھ نے سنیل شرما کو جو کہ محکمہ آر اینڈ بی کے وزیر مملکت بھی ہیں ، سے ڈوڈہ اور کشتواڑ میں سڑکوں کی بہتر دیکھ ریکھ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔