کشتواڑ//حالات میں آئی بہتری کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے سوموار کو پورے کرفیو زدہ علاقہ میں بیک وقت دو گھنٹے کی ڈھیل دی جو پر امن طور گزر گئی اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ اس سے قبل دو روز تک انتظامیہ نے مرحلہ وارڈ ھنگ سے کرفیو میں ڈھیل دی تھی ، ہفتہ کے روز یہ ڈھیل ایک ایک گھنٹے کی رہی جب کہ اتوار کو دو دو گھنٹے تک الگ الگ حصوں میں کرفیو اٹھایا گیا تھا۔ تاہم پیر کے روز ہڈیال، بُن آستان، بس سٹینڈ، اخیار آباد، پوچھا ل اور کلید وغیرہ سمیت تمام حساس علاقہ جات میں بیک وقت دوپہر 2بجے سے لے کر 4:00بجے تک کرفیو میں ڈھیل رہی۔ واضح رہے کہ جمعرات کو بی جے پی کے ریاستی سیکرٹری انل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کی نامعلوم بندوق بردار وں نے زیرو پوائنٹ سے گولی مار کر قتل کر دئیے جانے کے بعد انتظامیہ نے کشتواڑ اور اس کے مضافات کے علاوہ بھدرواہ اور ڈوڈہ قصبوں میں بھی کرفیو لگا دیا تھا، ڈوڈہ اور بھدرواہ سے کرفیو ہٹالیا گیا ہے جب کہ کشتواڑ میں آج مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو جاری ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی پوری طرح ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ کشتواڑ سمیت تمام علاقوں میں بھاری تعداد میں فورسز تعینات ہیں اور تین ایس ایس پی نیز ڈی آئی جی کشتواڑ میں خیمہ زن ہیں اور حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ کرفیو میں ڈھیل ملتے ہی بھاری تعداد میں لوگوں نے مارکیٹ کا رخ کیا اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کی۔
بھاجپالیڈرکے قاتلوں کی شناخت کر لی گئی: گورنر
نیوز ڈیسک
جموں// گورنر ایس پی ملک نے کہاہے کہ کشتواڑ میں بی جے پی لیڈر اور اس کے بھائی کو پنچایتی انتخابات میں رخنہ ڈالنے کے لئے قتل کیا گیا تھا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ قاتلوں کی شناخت کر لی گئی ہے ۔پریہار برادران کے قتل میں ملی ٹینٹوں کا ہاتھ ہے ۔ گورنر نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے بی جے پی لیڈران کو پنچایتی انتخابات میں رخنہ اندازی کیلئے قتل کیا لیکن پنچایتی انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کے روڑے اٹکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملک نے کہا کہ اس واردات کے بعد تشدد کا اندیشہ تھا لیکن جہاں انتظامیہ نے حالات کو سوجھ بوجھ سے سنبھالا وہیں دونوں فرقوں کی طرف سے دو راندیشی اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ ڈوڈہ کے دیہات میں ملی ٹینٹ تنظیموں کی طرف سے پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں دھمکی آمیز پوسٹر چسپاں کئے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ملک نے کہا کہ ایسے اکا دکا واقعات کوئی اہمیت نہیں رکھتے، ہم نے وادی کشمیر میں چار مراحل میں بلدیاتی انتخابات کامیابی سے منعقد کر لئے جہاں ہر روز ایسے پوسٹر نمودار ہوتے رہتے ہیں۔ روہنگیائی مہاجرین کا بائیو میٹر ک ریکارڈ تیار کرنے کے بارے میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر موصوف نے کہا کہ جموں کے مضافات میں مقیم روہنگیائی مہاجرین کے بائیو میٹرک ڈاٹا کو مرتب کرنے کا کام جاری ہے اور پورا عمل اگلے دو ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔