عظمیٰ نیوز سروس
کشتواڑ// ریجنل پی ایف کمشنر جموں، کشمیر اور لداخ رضوان الدین نے پیر کو کشتواڑ میں ’ندھی آپ کے نکٹ2.0 ‘کے نام سے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔چناب ویلی پاور پروجیکٹس لمیٹڈ کے تعاون سے منعقدہ اس پروگرام کا مقصد خطے میں آجروں اور ملازمین کو درپیش خدشات اور مسائل کو حل کرنا تھا۔ نیلم شامی راؤ، سنٹرل پراویڈنٹ فنڈ کمشنر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تقریب میں شرکت کی اور پروگرام سے خطاب کیا۔ سی وی پی پی پی ایل کے پاکل دل، کیرو اور کوار ایچ ای پروجیکٹس کے ایچ او پیز اور سی وی پی پی ایل اور کشتواڑ میں کام کرنے والی دیگر ایجنسیوں کے 250 سے زیادہ ٹھیکیدار اور عملہ نے شرکت کی۔ پی ایف کمشنر نے مزدوروں اور ان کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے متعدد ٹھیکیداروں کی طرف سے پی ایف جمع نہ کرنے کے بارے میں ان کی شکایات سنیں اور تعمیل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمشنر موصوف نے آجروں کو ہدایت کی کہ وہ معاملات کے تصفیہ کیلئے متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں۔