عاصف بٹ
کشتواڑ// غریب اور بے سہارا خواتین کی زندگی کو روشن کرنے کیلئے سوسائٹی فار ورلڈ ایجوکیشن اینڈ اویئرنس نامی رضاکارتنظیم نے عید کے مقدس موقع پر مستحق خواتین میں کپڑے و دیگر سامان فراہم کیا۔ اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر طارق پرویز قاضی مہمان خصوصی تھے۔خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس ڈبلیو او کشتواڑ طارق پرویز قاضی نے اس اقدام کیلئے رضاکار تنظیم کی کاوشوں کو سراہا اور این جی او کے تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے غریب طبقات تک پہنچنے اور ان کی ضروری مدد کر کے ان کے دکھوں کو دور کرنے کے لیے اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں۔اس موقع پر 16 مستحقین کو کپڑے اور دیگر سامان فراہم کیا گیا۔ مذکورہ این جی او محکمہ سماجی بہبود کے ساتھ مل کر سماجی بہبود کی مختلف اسکیموں کو وسعت دینے اور معاشرے کے محروم اور غریب طبقے کو گزشتہ برسوں میں حکومت کے زیر اہتمام مختلف سکیموں کے بارے میں بیداری لانے میں کام کررہی ہے۔