عاصف بٹ
کشتواڑ// ہر سال کی طرح امسال بھی ضلع کشتواڑ میں شاہ فرالدین بغدادی رحمتہ علیہ کا 346 واں سالانہ عرس پاک نہائت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ہر سال یہ عرس سات ہاڑھ مورخہ 20 جون کو منایا جاتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند ملک کے کونے کونے سے شرکت کرتے ہیں۔امسال نہ صرف خطہ چناب بلکہ جموں و کشمیر کے مختلف مقامات سے لوگوں نے آکر دربار فریدیہ پر حاضری دی جبکہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔کشتواڑ کے سب سے زیادہ قابل احترام مذہبی رہنمائوں میں سے ایک شاہ فرید صاحب اس علاقے کی مختلف برادریوں کے درمیان مشترکہ ثقافتی ورثے اور باہمی محبت کی نمائندگی کرتے ہیں۔
ہر سال زندگی کے تمام شعبوں اور مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند کشتواڑ میں شاہ فرید الدین کے مشہور مزار پر حاضری دیتے ہیں تاکہ ان کی تعظیم کریں اور ان کا آشیرواد حاصل کریں۔ضلع انتظامیہ نے اوقاف، کشتواڑ کے تعاون سے سالانہ عرس کی پرامن اور پریشانی سے پاک تقریب کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنایا۔ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو کے علاوہ سینئر افسران، اے سی ڈی کشتواڑ پھلیل سنگھ، سول اور پولس انتظامیہ کے افسران بشمول اوقاف کے نمائندوں نے مزار اور کمپلیکس کے علاقے کا دورہ کرکے انتظامات کا معائنہ کرنے کے علاوہ مزار پر حاضری دی ۔ڈی سی کی طرف سے تمام لائن ڈپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس موقع پر عقیدت مندوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی، پینے کے صاف پانی، ضروری اشیاء ، سیکورٹی، ٹرانسپورٹ، صفائی جیسی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس دوران مقررین نے بتایا کہ شاہ فریدالدین بھائی چارے کی مثال مانے جاتے تھے جنہوں نے چار سو برس قبل علاقے میں آکر دین کو پھیلایا اور آج بڑی تعداد میں مسلمان یہاں موجود ہیں۔نماز فجر سے درودخدمات کی مجلس منعقد ہوئی جسکے بعد نعت خوانی و تلاوت پاک کی گئی جو نماز فجر تک جاری رہی۔ نماز کے بعد درگاہ میں دوبارہ محفلیں شروع ہوئی جو عصر تک جاری رہی ۔وہی شاہ اسرالدین بغدادی کے استان عالیہ پر بھی عقیدتمندوں نے حاضری دی۔ شاہ اسرارالدین کے استان پر بھی درودخددمات کی محفلیں منعقد ہوئی۔وقف بورڑ کی جانب سے عقیدتمندوںکیلئے کھانے پینے و قیام گاہ کا بھی اہتمام کیا گیاتھا جبکہ کنٹرول رول بھی قایم کئے گئے تھے ۔