عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے ایک سرکاری سکول میں جمعہ کو ایک استاد نے طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنا کراسے شدید زخمی کر دیا جسکے بعد استاد کوفوری طور معطل کردیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تعلیمی زون اندرول کے گورنمٹ پرائمری سکول گورین دھرمیں پیش آیا جہاں چوتھی جماعت کے ایک طالب علم کو ہوم ورک نہ کرنے پر استاد نے جسمانی سزا دی ۔ بچے کے والد اجیت کمار نے بتایا کہ استاد عنایت اللہ آہنگر نے ان کے بیٹے کو بے رحمی سے مارا اور اسے شدید زخمی کر دیا۔جون ہی واقعہ کی تصویر سوشل میڈیا پر پھیلی تومحکمہ تعلیم کے افسران نے اسکا فوری طور نوٹس لیا ۔ چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ جاوید احمد کچلو نے فوری طور پر کارروائی کی اور پی ایس گواریاں دھر زون اندروال میں گریڈ دوم کے استاد عنایت اللہ آہنگر کو معطل کر دیا جو مبینہ طور پر بچوں کے مفت اور لازمی تعلیم کے حق ایکٹ 2009 کے سیکشن 17کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جسمانی سزا میں ملوث پایا گیا ہے ۔حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ مزید انکوائری تک مذکورہ افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔معطلی کی مدت کے دوران استاد ایم ایس لوہیدر زون اندروال سے منسلک رہیں گے جبکہ ڈپٹی سی ای او مسعود قاضی پرنسپل ایچ ایس ایس چھاترو ونود و ایچ ایس ایس بوائز کشتواڑ کے لیکچرر جگدیش چوہان پر مشتمل تین افسران کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کرے گی اور سفارش کے ساتھ رپورٹ چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ کو ایک ہفتے کے اندر پیش کرےگی ۔دلجیت سنگھ پالسر استاد ایچ ایس ایس ناگسینی و شامی سین ٹیچر ایچ ایس ای پاڈر (ریورس پرسن کیرئیر گائیڈنس اور جنرل سینیٹائزیشن جزو) انکوائری کمیٹی کی مدد کریں گے۔اگرچہ جسمانی سزا میں غلطی کرنے والے استاد کی معطلی کے بعد کارروائی شروع کی گئی ہے تاہم متاثرہ طالب علم کے اہل خانہ نے بھی طالب علم کو بہت بری طرح سے مارنے والے مبینہ ملزم استاد کے خلاف سخت کارروائی کے لیے پولیس و دیگر حکام سے رجوع کیا ہے۔ استاد کے خلاف پولیس نے مقدمہ بھی درج کرلیاہے اور تحقیقات شروع کردی ہے۔