عظمیٰ نیوزسروس
کشتواڑ //ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ راجیش کمار شائون نے تپ دق (ٹی بی)سے لڑنے اور صحت عامہ کو بہتر بنانے کی پہل کے تحت آج قومی تپ دق خاتمے کے پروگرام (این ٹی اِی پی) ضلع تپ دق مرکز (ڈی ٹی سی) کشتواڑ میں بالغوں کے لئے بی سی جی ویکسی نیشن مہم کا اِفتتاح کیا۔بالغوں زائد از18 برس عمرکے لئے بی سی جی ویکسین کے متعارف کرنے کا مقصد کمزور آبادی میں تپ دق کے خلاف قوت مدافعت کو مضبوط بنانا ہے۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے صدفیصد تپ دق سے پاک ضلع کے ہدف کے حصول کے لئے اِس طرح کے اَقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یہ پروگرام نچلی سطح پر صحت چیلنجوں سے نمٹنے اور ہر ایک کے لئے قابل رَسائی صحت نگہداشت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اُنہوں نے لوگوںپر زور دیا کہ وہ اِس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اِس ویکسی نیشن مہم کے فوائد سے اِستفادہ کریں۔سی ایم او کشتواڑ نے ٹی بی کے معاملات کو کم کرنے میں ویکسین کی اہمیت کا اعادہ کیا اور ہر ایک سے بالخصوص خطرے میں مبتلا اَفراد پرزور دیا کہ وہ مفت ویکسی نیشن کا فائدہ اُٹھائیں۔کشتواڑ کے ضلع تپ دق مرکز میں ویکسی نیشن مہم کے آغاز کے دِن لوگوںکی طرف سے پرجوش ردِّعمل دیکھنے میں آیا۔یہ مہم ضلع بھر میں جاری رہے گی، ویکسین تک رَسائی کو یقینی بنایا جائے گا اور ٹی بی سے بچائوکے بارے میں شعور اُجاگر کیا جائے گا۔