عاصف بٹ
کشتواڑ // ارجن ایوارڈ یافتہ پیرا آرچر شیتل دیوی کے نام پر منعقد ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ مغل میدان میں کیا گیا جسکا مقصد دونوں برادریوں کو اکٹھا کرنا ہے جس سے نہ صرف کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ قومی اتحاد اور تعاون کو بھی فروغ ہوگا۔اس ایونٹ میں 24ٹیمیں شرکت کریں گی اس موقعہ پر نویں جماعت کی خاتون کرکٹ کھلاڑی پاکیزہ جان بطور مہمان خصوصی تھی۔ انہوں نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی اہم ضرورت پر زور دیا اور ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے علاقے میں کرکٹ سٹیڈیم اور پریکٹس نیٹ قائم کرے۔ اس ٹورنامنٹ کی کامیابی منتظمین انجینئر انیل کمار شان و توصیف احمد وانی کی کوششوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے مقامی نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے تندہی سے کام کیا۔ علاقے میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے ان کی لگن کو شرکا اور حاضرین نے یکساں طور پر سراہا ۔ اس ایونٹ نے نہ صرف ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کرکٹ کی مہارت کو نکھارا بلکہ کمیونٹی میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے جذبے کو بھی تقویت دی۔