کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے لوگوں نے کشتواڑ ، سنتھن سڑک کو جلد از جلد آمد ورفت کے قابل بنانے کا زور دارمطالبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کے دوران گرمائی دارالخلافہ سرینگر میں آمد ورفت کیلئے اضلاع ڈوڈہ اور کشتواڑ جیسے دورافتادہ لوگوں کے لئے یہ نزدیک ترین رابطہ ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ گذشتہ ہفتوں سے کشتواڑ ، بٹوت قومی شاہراہ بند پڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ پر بھاری پسیاں گر آنے اور چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے کئی قیمتی انسانی جانیں بھی ضائع ہوچکی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ درابشالہ کے نزدیک گرنے کے قریب چٹانیں اب بھی خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ اس موقعہ پر لوگوںنے ریاستی محکمہ کی کارکردگی کو غیر اطمنان بخش قرار دیتے ہوئے کہاکہ شاہراہ کو جلد از جلد آمد ورفت کے قابل بنانے کے لئے محکمہ کے پاس کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب سے ڈوڈہ ، بٹوت سڑک کو غیر محفوظ قرار دیا گیاہے ،تب سے کشتواڑ، بٹوٹ کے درمیان اس شاہراہ کے متعدد گاڑیوں کی آمدو رفت کے لئے حصے بہہ گئے ہیں ۔ لوگوںنے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اضلاع ڈودڈہ اور کشتواڑ کو کشتواڑ ، سنتھن سڑک کے ساتھ جوڑاجائے اور ایسا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقامی لوگوں نے مزید کہاکہ کشتواڑ ، سنتھن سڑک کو آمدو رفت کے قابل بنانے سے جہاں ا ن علاقوں کے لوگوں کو بہتر رابطہ سہولیات دستیاب ہوں گی وہاں سیاحت کوبھی فروغ ملے گاکیونکہ یہ علاقے اپنے حسن میں بے مثال ہیں۔