عاصف بٹ
کشتواڑ//جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں منگل کو ایک المناک حادثہ رونما ہوا جس کے نتیجے میں 8 مسافروں کی موت واقع ہوئی جبکہ 3 دیگر زخمی ہوئے، جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی سہ پہر ضلع ہیڈکوارٹر سے 50 کلومیٹر دور سہ پہر3 بجے اس وقت پیش آیا جب چھاترو کے چنگام علاقے سے ٹاٹا سومو گاڑی بونڈا کی طرف جارہی تھی۔ اس دوران بونڈا کے قریب ٹا ٹا سومو زیر نمبر/9117 JK17 ڈرائیور سے بے قابو ہوکر تین سو فٹ نیچے نالے میں جاگری۔ اس وقت سومو میں 11افراد سوار تھے۔5 افراد کی موت موقع پر ہی ہوئی جبکہ دیگر2افراد کی موت پی ایچ سیچھاترو منتقل کرنے کے دوران ہوئی اور ایک خاتون کی موت ضلع ہسپتال کشتواڑمیں ہوئی۔ حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ ،فوج ،پولیس و رضاکارجائے وقوع پر پہنچ گئے اور انہوں نے بچائو کارروائی شروع کی۔پولیس نے بتایا کہ کافی کوششوں کے بعد زخمیوں کو تین سو فٹ نیچے کھائی سے اوپر سڑک پر لایا گیا اور انہیںطبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ 3 کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت محمد امین ولد غفار گوجر ، فرید ولد نور دین ،نور حسین ولد غفار ، محمد اکبر ولد نور دین ،فرید ولد عبدلکریم ،بشیر ولد اکبر اورنظر احمد ولد اکبر پوسوال ساکنان بونڈا کی موقع پر ہی موت ہوئی جبکہ نصرت بانو ولد فرید احمد کی موت ضلع ہسپتال کشتواڑ میں واقع ہوئی۔زخمیوں کی شناخت منظور احمد غفار گوجر ، خاتون زوجہ فرید و اختر حسین ولد منگو گوجر کا علاج ضلع ہسپتال میں جاری ہے،اور انہیں مزید علاج و معالجے کیلئے گورنمٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔دریں اثناء عوامی حلقوں کے مطابق جس سومو میں صرف نو مسافروں کے لئے بیٹھنے کی گنجائش ہے اْس میں 12مسافروں کو بٹھایا گیا تھا۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ایس ایس پی کشتواڑ نے چھاترو کا دورہ کیا اور بچاو کاروائی میں حصہ لیا۔حادثے کے فوراً بعد ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی۔انہوںنے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کو کہا۔مجسٹریٹ کشتواڑ نے بتایا کہ ریڈکراس کی طرف سے ضلع ہسپتال میں زیرعلاج زخمیوں و فوت ہوئی خاتون کو دس دس ہزار روپے فراہم کئے گئے جبکہ فوت ہوے افراد کو مقامی انتظامیہ امداد فراہم کرے گی۔
علاقہ میں صف ماتم
بونڈا علاقہ میں سڑک حادثے کے بعد صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔جہاں علاقہ کے 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔مقامی شخص یاسر احمد نے بتایا کہ سڑک حا دثے میں کسی نے اپنا باپ تو کسی نے اپنا بھائی کھویا ۔ سبھی افراد کا تعلق غریب گھرانوں سے تھا۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے جاں بحق ہوئے افراد کو فوری معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔سیاسی و سماجی تنظیموں نے اس المناک حادثہ پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ غلام محمد سروڈی ،سجاد احمد کچلو، فردوس احمد ٹاک ، پوجا ٹھاکر و دیگران نے غم زدہ لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔