عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//چسوتی کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے واقعہ میں ہوئی ہلاکتوں اورنقصانات پرسیاسی جماعتوں،رہنمائو ں اور وزراء نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرین کو بھرپور امداددینے کامطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹرفاروق
نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق نے لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہوئے 100سے زائد افراد کی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور حکومت پر زور دیا کہ وہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کو بھر پو ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔
محبوبہ مفتی
پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدراورسابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی اس سانحہ پرافسوس اوردکھ کااظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے پسماندگان سے تعزیت کااظہار کیا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بچائوکارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور حادثے میں زخمی ہوئے افرادکوبہترسے بہتر علاج فراہم کیاجائے۔انہوں نے مہلوکین کے پسماندگان کو مالی مددینے کابھی مطالبہ کیا۔
سکینہ ایتو
وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے ضلع کشتواڑ کے چسوتی گاؤں میںالمناک بادل پھٹنے سے ہوئے قیمتی جانوں کے زیاں پر گہرے دُکھ اِظہارکرتے ہوئے اس واقعے کو دل دہلا دینے والاسانحہ قرار دیا جس نے پورے جموں و کشمیر کو غمزدہ کردیاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ زخمیوںکی مناسب طبی نگہداشت کو یقینی بنائے اور جن مریضوں کو مزید علاج کی ضرورت ہے اُنہیں فوری طور پر مناسب طبی مراکز منتقل کیا جائے۔
ستیش شرما
وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین اور اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ستیش شرما نے اَپنے پیغام میں کہا،’’ مچھیل ماتا یاترا کے دوران پیش آئے افسوسناک کلاؤڈ برسٹ میں قیمتی اِنسانی جانوں کے زیاں پر مجھے گہرا دُکھ ہوا ہے۔ میری دلی تعزیت متاثرہ کنبوںکے ساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دعاگو ہوں۔‘‘ستیش شرما نے ضلعی اِنتظامیہ، ریسکو ٹیموں اور رضاکاروں کی فوری کارروائی کرنے پر سراہنا کی جنہوں نے فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ کر اِمدادی کارروائیاں شروع کیں۔
جاویدرانا
وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے باعث قیمتی جانوں کے زیان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اُنہوںنے متاثرہ کنبوں سے دلی ہمدردی اور اِظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا،’’یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ میں جاں بحق ہوئے اَفراد کے لواحقین کے ساتھ دِلی اِظہارِ تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی وشفایابی کے لئے دعا گو ہوں۔‘‘ وزیر موصوف نے فوری طور پر ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ سے رابطہ کیا اور ہدایت دی کہ ریسکو اور ریلیف کارروائیاں فوری، مربوط اور مؤثر انداز میں اَنجام دی جائیں تاکہ مزید نقصان کو روکا جا سکے اور متاثرہ آبادی کو فوری اِمداد فراہم کی جا سکے۔
عبدالرحیم راتھر
سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے افسوسناک واقعے پر دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے حکام پر زور دیا کہ وہ اس المناک سانحے میں ہلاک افراد کے اہل خانہ کو ہر ممکن امداد فراہم کرے جنہوں نے اِس المناک واقعے میں اَپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔سپیکر موصوف نے کہا کہ یہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے اور متاثرہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔اُنہوںنے رضاکار تنظیموں اور عام شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اورمصیبت زدہ لوگوں کی ہر ممکن مددکریں۔
الطاف بخاری
اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کشتواڑ ضلع کے چسوتی علاقے میں بادل پھٹنے سے انسانی زندگیوں کے اتلاف پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا، کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے ہلاکتوں اور متعدد کے زخمی ہوجانے کی خبر سن کر گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔ یہ ایک سانحہ ہے۔ خبروں کے مطابق 28 لاشیں اب تک برآمد کی جاچکی ہیں، جبکہ متعدد دیگر لوگ گمشدہ ہیں۔ اس سانحہ میں درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ یہ واقعی ایک المناک سانحہ ہے، جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
کانگریس
جموں کشمیرپردیشن کانگریس کے سربراہ طارق حمید قرہ اور دیگر سینئر کانگریسی لیڈروں نے کشتواڑ ضلع کے مچھیل کے قریب بادل پھٹنے کے سانحہ پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور جنگی بنیادوں پر فوری راحت اور بچاؤ کارروائیوں کی مانگ کی ہے۔پارٹی نے اس بڑے سانحے کے پیش نظر پارٹی کی ملک گیر کال کے مطابق جموں، سری نگر اور ضلع ہیڈکوارٹرز میں تمام طے شدہ کینڈل احتجاجی مارچ کو بھی منسوخ کر دیا۔قرہ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ افراد اور مشینری خاص طور پر ہیلی کاپٹر سروس کوبروئے کار لاکر زخمیوں کو تمام ضروری طبی امداد فراہم کرے۔جموں میں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ان کی قیادت میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس میں مرحومین کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
تاریگامی
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)نے چسوتی میں تباہ کن بادل پھٹنے سے جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔پارٹی رہنمااور ممبراسمبلی کولگام تاریگامی نے کہا کہ یہ سانحہ، جس میں متعدد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، فوری اور مربوط ردعمل کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مرنے والوں کے لیے بلاتاخیر معاوضے کا اعلان کرے، زخمیوں کے لیے مناسب علاج کو یقینی بنائے اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرے۔انہوں نے خبردار کیا کہ جموں و کشمیر ماحولیاتی لحاظ سے ایک نازک خطہ ہونے کی وجہ سے ہندوستانی ہمالیائی خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ہے۔ تاریگامی نے کہا کہ اس طرح کے واقعات پالیسی سازوں اور انتظامیہ سے بیدار ہونے کاتقاضاکرتے ہیں۔
میرواعظ
میرواعظ مولوی عمر فاروق نے ’ایکس ‘پرایک پوسٹ میں کہاکہ چشوتی، کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے سانحے نے دل کو مغموم کر دیا ہے۔ ہلاک ہونیوالوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا جموں و کشمیر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور امید ہے کہ حکومتی سطح پر بروقت اقدامات کے ذریعے مزید جانی نقصان روکا جا سکے گا۔
آغاحسن
انجمن شرعی شیعیان کے صدر،آغا سید حسن موسوی الصفوی نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری وادی کشمیر اور جموں خطے کے عوام کے لیے ایک صدمہ ہے۔ آغا سید حسن نے سوگوار و متاثرہ خانوادوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ عظیم میں ہماری دعائیں، ہمدردیاں اور جذبات ان کے ساتھ ہیں، اور ہم اس غم کی گھڑی میں ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔