عظمیٰ نیوز سروس
کشتواڑ//ہائی سیکنڈری سکول چھاترو، ٹی آر سی اور سینئر سیکنڈری سکول مغل میدان، چنگم گاؤں کی مین مارکیٹ، ڈاک بنگلہ سے نواپاچی ٹیکسی سٹینڈ تک اور مڈل سکول چاس میں سڑک کنارے شاندار صفائی مہم چلائی گئی۔تقریب میں مختلف علاقوں سے 600 سے زائد افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سپاہیوں اور سول رضاکاروں نے صفائی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مل کر کام کیا۔ فضلہ جمع کرنے، الگ کرنے اور عوامی مقامات کی صفائی جیسی سرگرمیاں لگن اور جوش کے ساتھ انجام دی گئیں۔ادھر فوج نے سول انتظامیہ، محکمہ بلدیات، محکمہ صحت، محکمہ شہری دفاع اور اسکولی بچوں کے ساتھ مل کر اکھنو رمیں جیاپوٹا کے تاریخی مقام پر صفائی مہم چلائی۔ سکول کے بچوں نے، جو مستقبل کے مشعل راہ ہیں، صفائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، حفظان صحت اور صفائی کی اقدار کو اپنایا۔اس دوران سرحدی دیہات پلانوالہ میں بھی فوج کی طرف سے چلائی جانے والی سوچھتا ہی سیوا ڈرائیو، خواتین کی صحت اور حفظان صحت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر مرکوز تھی ۔مہم کے دوران، ایک میڈیکل آفیسر کی طرف سے ‘حیض کی صفائی’ پر ایک لیکچر دیا گیا تاکہ آبادی، خاص طور پر خواتین کو ماہواری کے دوران حفظان صحت کے مناسب طریقوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ بیداری پروگرام کے علاوہ، ہندوستانی فوج نے عوام میں حفظان صحت کی کٹس بھی تقسیم کیں۔ ان کٹس میں ضروری اشیا ء جیسے سینیٹری نیپکن، صابن اور دیگر حفظان صحت سے متعلق مصنوعات شامل ہیں تاکہ سرحدی دیہات میں خواتین کو حفظان صحت کے اچھے طریقوں کو برقرار رکھنے میں مدد ملے، خاص طور پر ماہواری کے دوران۔