بانہال //رام بن میں افسران کی مہر اور دستخط کے ساتھ ایک ایسی مستقل باشندہ سرٹیفکیٹ کی کاپی سماجی روابط کی ویب سائٹوںپر وائرل ہوئی ہے جس پر کسی بھی شخص کانام اور پتہ درج نہیں ہے ۔ اس پر ڈپٹی کمشنر رام بن نے انکوائری کے احکامات صادر کرتے ہوئے تین دنوں کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ پی آر سی کی ایک کاپی جس پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ویویک پوری اور نائب تحصیلدار سنتوک چند کی مہروں اور دستخطوں کے ساتھ تاریخ ، دفتری نمبروغیرہ بھی درج ہیں اور جس پر پٹواری کی طرف سے بھی ریکارڈ درج کیاگیاہے، سماجی روابط کی ویب سائٹوں پر وائرل ہوگئی جس سے مقامی شہریوں میں زبردست تشویش پائی گئی اور انہوں نے اس پر طرح طرح کے سوالات کئے ۔انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایاکہ ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے اس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم جاری کیاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن کو انکوائری افسر مقرر کیاگیاہے اور ان سے یہ کہاگیاہے کہ رپورٹ تین دنوں میں پیش کی جائے ۔رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ اس سلسلے میں انکوائری کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جس میں یہ دیکھاجائے گاکہ وائرل ہونے والی کاپی صحیح ہے یا کسی نے اس کے ساتھ چھیڑ خانی کی ہے ۔ تاہم انہوںنے بتایاکہ اس کاپی پر جو آرڈر نمبر جاری ہواہے ،اس کے نام سے دفتر سے سرٹیفکیٹ جاری ہوچکی ہے ۔