پلوامہ /مشتاق الاسلام/ قومی تفتیشی ادارے (این آئی اے)نے جیش محمد سے تعلق رکھنے والے ایک ملی ٹینٹ کی7 جائیدادیں ضبط کیں۔ کسری گام کاکاپورہ میں ملی ٹینٹ سرتاج احمد منٹو کی جائیدادیں 19 مرلہ اور 84 مربع فٹ کی اراضی کو بدھ کے روز این آئی اے کی خصوصی عدالت کے حکم پر ضبط کرلیا گیا ۔سرتاج کو 31 جنوری 2020 کو گرفتار کیا گیا ہے، اور اس کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بر آمد کیا گیا تھا۔گرفتار ملی ٹینٹ کے خلاف 27 جولائی 2020 کو چارج شیٹ پیش کیا گیا، اور اسے فی الحال آرمس ایکٹ، آئی پی سی، دھماکہ خیز مواد ایکٹ(یو اے پی)کی دفعات کے تحت مقدمے کا سامنا ہے۔ سرتاج منٹو پر الزام ہے کہ انہوں نے ملی ٹینٹ گروپ کے اپنے 5 شریک ملزمان کے ساتھ دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹوں کو وادی کشمیر تک پہنچایا تھا۔ دراندازی کرکے وادی پہنچانے والے ملی ٹینٹوں میں 3 کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کردیا تھا۔واضح رہے این آئی اے نے ایک ہفتہ قبل جیش کے ایک اور سرکردہ ملی ٹینٹ کی 6 غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا تھا۔