جاوید اقبال
مینڈھر//منکوٹ علاقے کے کسبلاڑی پل کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک ٹاٹا سومو گاڑی اچانک بے قابو ہو کر دریا میں جا گری۔ اس حادثے نے سڑکوں کی حفاظت اور ڈرائیوروں کی ذمہ داری پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا، جس نے نہ صرف اپنی بلکہ گاڑی میں سوار مسافروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جو حادثے میں ملوث افراد کے اہل خانہ کیلئے اطمینان کی خبر ہے۔ مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں لیکن مقامی لوگوں کی بروقت مدد اور پولیس کی فوری کارروائی نے کسی بڑے سانحے کو ٹال دیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس پوسٹ منکوٹ سے ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور ضروری کارروائی شروع کر دی۔ گاڑی کو محفوظ کر لیا گیا ہے جبکہ عینی شاہدین کے ابتدائی بیانات بھی ریکارڈ کئے جا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔علاقے کے مقامی باشندوں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاپرواہ ڈرائیونگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور گاڑیوں کی وقتاً فوقتاً جانچ نہ ہونا حادثات کی اہم وجوہات ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ اور ٹریفک حکام سے مطالبہ کیا کہ کاسب لاری پل جیسے تنگ اور حساس راستوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔پولیس نے یقین دلایا ہے کہ اگر ڈرائیور کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔