عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//فروری کے آخری ایام میں ہوئی برفباری اور اس کے بعد وقتا فوقتا ہورہی بارشوں کے بعد محکمہ زراعت نے اگلے خریف سیزن کیلئے دھان کی پنیری اور دیگر خریف فصلوں کی بوائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اب محکمہ خریف فصلوں کی بوائی سے متعلق کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کرے گا کیونکہ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی ماہرین کی ٹیم نے اب وادی بھر میں جون تک آبپاشی مقاصد کیلئے وافر پانی مہیا ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ فروری مہینے کے اخیر میں میدانوں اور بالائی علاقو ں میں ہوئی بھاری برفباری نے کشمیر کے زرعی سیکٹر کیلئے ایک خوشی کی لہر دوڑادی ہے اور اگلے خریف سیزن کیلئے اب وافر پانی مہیا ہونے کے پیش نظر بھر پور زرعی سرگرمیاں جاری رہ سکتی ہیں ۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس سخت خشک موسمی صورتحال اور اسکے بعد چلہ کلان میں پوری طرح سے برف معدوم ہونے کے بعد محکمہ زراعت اگلے خریف سیزن میں دھان اور دیگر فصلوں کی بوائی سے متعلق مختلف فیصلہ لینے والا تھا ۔محکمہ زراعت کو خدشہ ہوا تھا کہ اگر موسم یونہی خشک رہا تو وہ کشمیر میں اگلے خریف سیزن کے دوران دھان اوردیگر فصلوں کی پیداوار بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔اسلئے حکومت نے ماہرین زراعت کی ٹیم مقررکرکے مارچ کے اخیر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ذرائع نے بتایا کہ ماہرین کی ٹیم جس میں زرعی یونیورسٹی کے سائنسدان اور محکمہ زراعت و باغبانی کے ماہرین و افسران بھی شامل تھے ،نے رپورٹ حکومت کو سونپ دی ہے جس میں اگلے تین سے چار ماہ تک وافر مقدار میں پانی مہیا ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔ماہرین نے اپنی سفارشاتی رپورٹ میں کہاہے کہ فروری اور مارچ کے اوائل میں ہوئی برفباری اور اسکے بعد وقتا فوقتا ہوئی بارشوں نے اگلے زرعی سیزن کیلئے موزون حالات پیدا کئے ہیں اور امید ہے کہ جون سے جولائی2024تک درکار آبپاشی کیلئے کوئی مسئلہ درپیش نہیں آئے گا ۔ماہرین کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد محکمہ زراعت نے اگلے خریف سیزن کیلئے دھان کی بوائی بھرپور طریقے کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اب کسانوں کیلئے احتیاطی مشاورت جاری تو کی جائے گی تاہم انہیں دھان سمیت کوئی بھی خریف فصل بوائی کرنے سے روکا نہیں جائے گا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ ربیع فصل میں کشمیر کو کافی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔محکمہ زراعت کے جوائنٹ ڈائریکٹر ٖجی ایم دھوبی نے بتایا کہ ربیع فصلوں کو خشک سالی کی وجہ سے کافی نقصان ہوا ہے اور اس بار ہمارے یہاں سرسوں کی فصلیں بھی متاثر ہونگی تاہم انہوں نے بتایا کہ اگلا ربیع سیزن بھر پور طریقے سے انجام پائے گا اور اس میں تمام خریف فصلوں کی بھر پور بوائی ہوگی کیونکہ حالیہ برفباری اور پہاڑوں پر وافر مقدار میں برف جمع ہونے کے نتیجے میں اگلے زرعی سیزن میں آبپاشی کا بھرپور انتظام ہوگا ۔