غلام نبی رینہ
کنگن//دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد پہلے الیکشن میں این سی کانگریس الائنس نے بھاجپا کو شکست دیدی۔ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد نے اتوار کو لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے 5ویں عام انتخابات میں مکمل اکثریت حاصل کی۔ نیشنل کانفرنس 12نشستیں حاصل کرکے واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری جبکہ کانگریس کو 10نشستیں حاصل ہوئیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 2آزاد امیدواروں نے بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ عام آدمی پارٹی اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی۔کرگل ہل ڈیولپمنٹ کونسل میں کل نشستوں کی تعداد 26ہے ، جن میں سے 26پر انتخابات ہوتے ہیں جبکہ 4امیدوار نامزد کئے جاتے ہیں۔
جب سے لداخ کو سابقہ ریاست جموں و کشمیر سے 5 اگست 2019 کو الگ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا تھا، کرگل ضلع میں پہلے شہری انتخابات 4اکتوبر کو ہوئے ۔ان انتخابات میں، بی جے پی 26 نشستوں پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی متحدہ اپوزیشن کے خلاف تھی۔ 85 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا، جن میں سے 22 کانگریس، 17 این سی، 17 بی جے پی، چار عام آدمی پارٹی اور 24 آزاد امیدوار قسمت آزمائی کررہے تھے۔یہاں کونسل کے انتخابات 4اکتوبر کو منعقد ہوئے تھے، جس میں ووٹوں کی شرح 77.61 رہی تھی۔کونسل میں کل 26نشستیں ہیں جن پر انتخاب ہوا جبکہ چار کونسلر انتظامیہ کی جانب سے نامزد کئے جاتے ہیں۔انتخابات کیلئے 278پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔یہاں ووٹروں کی کل تعداد 97,388 ہے ۔جس میں 46,762 خواتین اور 48,626 مرد ووٹر تھے۔ ان میں سے 74.026 ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ کرگل ہل کونسل کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے بیشتر نشستوں پر مشترکہ طور پر امیدوار کھڑا کئے تھے۔تاہم ایسی 6نشستیں تھیں، جن پر دونوں پارٹیوں نے دوستانہ مقابلہ کیا۔ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخاب کیلئے ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوئی جس کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔