کرگل//لداخ خود مختار پہارٹی ترقیاتی کونسل کرگل کے چوتھے عام چنائو پرامن طور اختتام پذیر ہوئے جس میں 70فیصد ووٹنگ درج کی گئی ہے۔یہ جانکاری ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ کے چیف ایگزیکٹیو افسیر وکاس کنڈل نے چنائو کے اختتام پر دی۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کی گنتی 31اگست 2018ء کو ہوگی جس میں 99اُمید واروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 5ستمبر تک نیا کونسل تشکیل پائے گا۔ڈی سی نے کہا کہ آج کی پولنگ میں پورے ضلع کے ساتھ ساتھ کرگل قصبے میں چنائو مراکز پر کافی جوش و خروش پایا گیا خاص طور سے کافی تعداد میں خواتین نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور نوجوان ووٹروں میں کافی ولولہ پایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کی شرح میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ ابھی کافی پولنگ مراکز سے اعداد و شمار موصول نہیں ہوئے ۔چنائو کو احسن طریقے سے منعقد کرانے کے لئے حکومت کی طرف سے تعینات کئے گئے مشاہدین جن میں راجیش شرما، پردیپ کمار ، بلال احمد ، عبدالرشید وار اور گلزار احمد ڈار شامل تھے نے اپنے اپنے حلقوں میں کئی پولنگ مراکز کا دورہ کر کے چنائو عمل کا جائزہ لیا۔وِکاس کنڈل اور ایس پی کرگل ڈاکٹر پون کمار نے بھی کئی مراکز کا دورہ کر کے پولنگ کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے پہلے چنائو 2003 ،دوسرے چنائو2008ء اور تیسرے عام چنائو 2013 ء میں منعقد ہوئے تھے۔