غلام نبی رینہ
کنگن//کرگل ضلع کے شمشا خربو میں سڑک کے ایک حادثے میں ڈرائیورلقمہ اجل اور کنڈیکٹر زخمی ہوگیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ لداخ سے سونہ مرگ کی طرف آرہا ایک ایل پی ٹرک شمشا خربو کرگل میں 1500 فٹ نیچے دریا میں جاگرا جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہوگیا ۔حادثے کی اطلاع ملنے کے فورا بعد پولیس ،یوٹی ڈی آر ایف کی ٹیم جائے موقع پر پہنچ گئی اور بچائو کارروائی شروع کردی اور ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو ضلع ہسپتال کرگل منتقل کیا جہاں سے ان کو مزید علاج و معالجہ کے کیلئے سکمز منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او دراس نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ ایل پی ٹرک لداخ سے سونہ مرگ کی طرف جارہا تھا اور شمشا خربو کے نزدیک یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی دریا میں لڑھک گئی اور اس کا نمبر ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ۔انہوں نے دونوں افرادکی شناخت عامر احمد وار اور شمیم احمد وار ساکنان ٹھیون کنگن کے طور پر کی ہے۔ اس دوران رات گئے سکمز سے اطلاع ملی کہ ٹرک ڈرائیور عامر احمد وار ولد محمد سبحان ساکن ٹھیون کنگن سکمز صورہ میں زخمیوں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔دریں اثناء 5دسمبر کو زوجیلا پر ہوئے سڑک کے ایک حادثے میں زخمی کیرلا کا سیاح 24 سالہ منوج سنیچروار کی صبح سکمز صورہ میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ اس طرح سے زوجیلا سڑک حادثے کے دو واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی۔